حیدرآباد فرنچائز 5 برس کیلیے425 کروڑ روپے میں فروخت

نئے مالکان کو موجودہ پلیئرز سے رواں ماہ کے اختتام تک معاہدے کرنے کا وقت دیدیا گیا.

نئے مالکان کو موجودہ پلیئرز سے رواں ماہ کے اختتام تک معاہدے کرنے کا وقت دیدیا گیا. فوٹو : فائل

بھارت کے ایک بڑے ٹی وی نیٹ ورک نے حیدرآباد آئی پی ایل فرنچائز 5 برس کیلیے 425 کروڑ روپے میں خرید لی۔

میڈیا گروپ نے 15.9 ملین ڈالر سالانہ کی بولی دیکر باقی سب کو پیچھے چھوڑ دیا، بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ یہ سودا 2008 میں اس ٹیم کیلیے ادا کی گئی دکن کرونیکلز کی رقم سے کہیں زیادہ میں طے پایا ہے، کامیاب بولی دہندہ کو دکن چارجرز کے موجودہ کھلاڑیوں سے رواں ماہ کے اختتام تک معاہدے کرنے کا وقت دیدیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 5 برس کیلیے حیدر آباد آئی پی ایل فرنچائز کے مالکانہ حقوق پانے کیلیے سن ٹی وی نے سالانہ 85.05 کروڑ بھارتی روپے (15.9 ملین ڈالر) کی بولی دی۔


یہ فرنچائز پہلے دکن کرونیکلز نے 2008 میں 107 ملین ڈالر میں10برس کیلیے خریدی تھی،رواں برس مالی بحران کا شکار ہونے اور کھلاڑیوں کو معاوضے تک ادا نہ کرپانے کی وجہ سے اس کا معاہدہ منسوخ کردیا گیا تھا، قانونی جنگ میں بھی بی سی سی آئی کو فتح حاصل ہوئی جس کے بعد اس نے حیدرآباد فرنچائز کی فروخت کیلیے نیا ٹینڈر جاری کیا تھا، سن ٹی وی کے بعد دوسری بڑی بولی پی وی پی وینچرز کی تھی جس نے سالانہ 63.09 کروڑ روپے (12.9 ملین ڈالر) کی پیشکش کی، گذشتہ ماہ اس فرم نے براہ راست دکن کرونیکلز سے 10 سال کیلیے فرنچائز خریدنے کیلیے 900 کروڑ (164 ملین ڈالر) کی آفر دی تھی مگر کرونیکلز نے ادائیگیوں کے معاملے پر اسے قبول نہیں کیا تھا۔ دکن چارجرز میں کمارسنگاکارا اور ڈیل اسٹین جیسے معروف کھلاڑی شامل تھے۔

آئی پی ایل گورننگ کونسل نے سن ٹی وی کو رواں ماہ کے اختتام تک ان کھلاڑیوں سے معاہدے کرنے کا وقت دیا ہے جو حیدرآباد ٹیم میں برقرار رہنا چاہتے ہیں، جو کھلاڑی نئی فرنچائز سے کسی معاہدے پر نہیں پہنچ پائیں گے انھیں اگلے سال کے آغاز پر ہونے والی کھلاڑیوں کی نیلامی میں شامل کیا جائے گا۔
Load Next Story