کسٹمزکی بڑی کارروائی28کروڑکااسمگلڈسامان پکڑاگیا

مذکورہ کنٹینر میں اسمارٹ موبائل فونزکے54 کاٹن ہیں جس میں ہزاروں ہینڈ سیٹس ہیں، ذرائع


Ehtisham Mufti December 08, 2015
مذکورہ کنٹینر میں اسمارٹ موبائل فونزکے54 کاٹن ہیں جس میں ہزاروں ہینڈ سیٹس ہیں، ذرائع فوٹو: محمد عظیم / ایکسپریس

سندھ بلوچستان میں انسداد اسمگلنگ کے لیے اختیار کیے جانے والے نئے میکنزم سے اسمگلرزکے مختلف گروہوں کی کمرٹوٹ گئی ہے، محکمہ کسٹمزکی کارروائیاں جاری ہیں۔

الیکٹرونکس مصنوعات اور اسمارٹ فونز کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ ہوگیا ہے، محکمہ کسٹمز نے ایک اور بڑی کارروائی میں 28 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے الیکٹرونکس مصنوعات اور اسمارٹ فونز اسمگل کرکے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کی کوشش ناکامی بنادی ہے۔

گزشتہ 4ماہ کے دوران محکمے کی یہ تیسری بڑی کارروائی ہے جسے انسداداسمگلنگ کے سخت اقدامات کی بدولت ناکام بناتے ہوئے قومی خزانے کو ڈیوٹی وٹیکسوں کی مد میں2.5 سے 3 کروڑ روپے کے ریونیو خسارے سے بچالیا گیا ہے۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ چیف کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ ساؤتھ زاہد کھوکھرکی تعیناتی کے بعد سندھ بلوجستان میں انسداد اسمگلنگ مہم پورے استعداد کے ساتھ جاری ہے اوراس ضمن میں اختیار کیے جانے والے نئے میکنزم سے اسمگلرزکے ان مختلف گروہوں کی کمرٹوٹ گئی ہے جوطویل دورانیے سے کراچی کی بندرگاہ سے زائد شرح ڈیوٹی کی حامل قیمتی الیکٹرونکس مصنوعات اور اسمارٹ فونزکے کنسائمنٹس درآمد کرکے انہیں مس ڈکلیئرکرتے ہوئے کسی بھی ڈرائی پورٹ کے لیے ٹرانس شپمنٹ کرتے تھے تاہم ٹرانس شپمنٹ کے بجائے۔

ان کی سیل کراچی میں ہی متعلقہ بانڈڈ کیریئرکی ملی بھگت توڑی جاتی تھیں اور کنٹینرسے قیمتی مصنوعات نکال کران کی جگہ اتنے ہی وزن کی کم ڈیوٹی والی مصنوعات ڈال کر متعلقہ ڈرائی پورٹس کو بھیجی جاتی تھیں اور اس منظم طریقے سے ملک میں قیمتی الیکٹرونکس مصنوعات، اسمارٹ فونز، مہنگے وقیمتی پرفیومز اوردیگر اشیا کی اسمگلنگ کی جا رہی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ اسی نوعیت کا ایک کنٹینر دبئی سے جولائی 2015 میں کراچی بندرگاہ میں واقع پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل میں پہنچا لیکن جب درآمدکنندہ کو احساس ہوا کہ چیف کلکٹرانفورسٹ ساؤتھ زاہد کھوکھراورکلکٹر پریونٹیو طارق ہدیٰ نے کسٹمز اسٹاف کو ٹرانس شپمنٹ کے کارگوکی سخت نگرانی کی ہدایات کیں ہیں تو اس نے ممکنہ نقصان کے پیش نظر کسٹمز ایکسپورٹ کلکٹریٹ کے توسط سے اس کنٹینر کو''فرسٹیٹڈ کارگو''ظاہرکرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر ری ایکسپورٹ کرنے کی کوشش کی لیکن کلکٹر پریونٹیوطارق ہدیٰ کی ہدایت پر محکمہ کسٹمز کی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے کنسائمنٹ کی ری ایکسپورٹ روکتے ہوئے کنٹینرمیں موجود سامان ضبط کرلیا۔

ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ کنٹینر میں اسمارٹ موبائل فونزکے54 کاٹن ہیں جس میں ہزاروں ہینڈ سیٹس ہیں جبکہ مختلف الیکٹرونک مصنوعات میں استعمال ہونے والی گیس، پرفیومز، کھانے پینے کی اشیا بھی ملی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں