پاکستان اور بھارت کا مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر جامع مذاکرات پر اتفاق

وولر بیراج، سیاچن اور سرکریک بھی جامع مذاکرات کا حصہ ہوں گے، مشترکہ اعلامیہ


ویب ڈیسک December 09, 2015
وولر بیراج، سیاچن، سرکریک بھی جامع مذاکرات کا حصہ ہوں گے، مشترکہ اعلامیہ، فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے جامع مذاکرات پر اتفاق ہوگیا ہے جب کہ مذاکرات نئے سرے سے ہوں گے جس کا طریقہ کار سیکریٹری خارجہ طے کریں گے۔

https://img.express.pk/media/images/q47/q47.webp

اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ سرتاج عزیز اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے درمیان ملاقات ہوئی جو ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی جب کہ ملاقات میں پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کم کرنے اور نئے سرے سے مذاکرات کی بحالی پر بات چیت کی گئی۔

https://img.express.pk/media/images/q56/q56.webp

ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس میں مختصر بات کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ پاکستان اور بھارت جامع مذاکرات کے لیے تیار ہوگئے ہیں اور مذاکرات کو آئندہ بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامع مذاکرات کا آغاز نئے سرے سے ہوگا جس میں تمام مسائل پر بات چیت ہوگی اور جن امور پر بات رکی ہوئی تھی ان کو بھی مذاکرات میں شامل کیا جائے گا جب کہ کچھ اور چیزیں بھی شامل کی جاسکتی ہیں۔

https://img.express.pk/media/images/q66/q66.webp

سشما سوراج کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے مشیروں کے بنکاک مذاکرات میں تمام چیزوں پربات ہوئی،اب کمپوزیٹ ڈائیلاگ کی جگہ کمپری ہینسو ڈائیلاگ ہوں گے جب کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کا طریقہ کار سیکرٹری خارجہ طے کریں گے جس میں کب کن اور کس سطح پر بات ہوگی یہ بھی طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات سے متعلق تفصیلی بیان اپنی پارلیمنٹ میں دوں گی۔

https://img.express.pk/media/images/q73/q73.webp

دوسری جانب مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور بھارتی وزیر خارجہ کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقین کی جانب سے دہشت گردی کی مذمت کی گئی جب کہ دہشت گردی کے خاتمے میں تعاون کا بھی عزم کیا گیا۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق انسداد دہشت گردی، نارکوٹکس کنٹرول کے امورجامع مذاکرات کاحصہ ہوں گے، وولربیراج، تلبل نیوی گیشن پروجیکٹ کے معاملات مذاکرات میں شامل ہوں گے جب کہ جموں و کشمیر سیاچن اور سرکریک پر بھی بات کی جائے گی۔

https://img.express.pk/media/images/q82/q82.webp

مشترکہ اعلامیے کے مطابق قومی سلامتی کے مشیرانسداد دہشت گردی سے متعلق امورپررابطے میں رہیں گے، دونوں ممالک اقتصادی وتجارتی تعاون پربھی جامع مذاکرات میں بات چیت کریں گے جب کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ پاکستان کی جانب سے بھارت کو ممبئی حملوں کے ٹرائل کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے سلسلے میں پاکستان آئی تھیں جہاں انہوں نے وزیراعظم نوازشریف سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے تصفیہ طلب معاملات اور بات چیت کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں