بیرونی فضائی سفرپرٹرمینل ٹیکس نہیں لگایاسندھ حکومت

سندھ سیلزٹیکس آن سروسز ایکٹ 2011 کی ٹرمینل ٹیکس والی شق سے آگاہ کیا جائے


Irshad Ansari December 10, 2015
سندھ سیلزٹیکس آن سروسز ایکٹ 2011 کی ٹرمینل ٹیکس والی شق سے آگاہ کیا جائے فوٹو: فائل

وفاق اور سندھ کے درمیان ملک میں ایئرپورٹس پر بیرون ملک سفر کرنے والوں پر عائد کردہ ٹرمینل ٹیکس پر تنازع شدت اختیار کر گیا، سندھ حکومت نے وفاق پر واضح کردیا ہے کہ صوبائی حکومت نے ایئرپورٹ پر بیرون ملک سفر کرنے والوں پر کسی قسم کا ٹرمینل ٹیکس عائد نہیں کیا۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی)کی جانب سے وفاق کو خط لکھا گیا جس میں 14ستمبر 2015کو فنانس ڈویژن اسلام آباد میں منعقدہ وزرائے خزانہ اجلاس کے منٹس کا حوالہ دیا گیا ہے کہ منٹس آف میٹنگ کے پیراگراف نمبر 10میں کہا گیاکہ سندھ حکومت کی جانب سے اوور سیز پاکستانیوں پر ٹیکس عائد کیا گیا ہے اورپیرا گراف نمبر 11 میں کہا گیا کہ سندھ حکومت انٹرنیشنل ٹریول پر عائد کردہ ٹیکس پر نظر ثانی اور اسے ختم بھی کرسکتی ہے۔ خط میں کہا گیاکہ مذکورہ اجلاس کے منٹس میں سندھ کی جانب سے انٹرنیشنل ٹریول پر ٹیکس عائد کرنے کا بتایا گیا ہے جبکہ سندھ حکومت کی طرف سے ایئر پورٹ پر انٹرنیشنل ٹریول کیلیے ایسا کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔

لہٰذا فنانس ڈویژن سے درخواست ہے کہ سندھ ریونیو بورڈ کو سندھ سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2011 کی اس شق کے بارے میں آ گاہ کیا جائے جس کی تشریح کو وفاق نے بنیاد بناتے ہوئے منٹس آف میٹنگ میں حوالہ دیا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں و ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ٹریول کے لیے مسافروں پر ٹرمینل ٹیکس عائد کیا ہے کیونکہ سندھ حکومت نے ایسا کوئی ٹرمینل ٹیکس عائد نہیں کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔