ایان علی کے پاسپورٹ حوالگی کیخلاف کسٹم حکام نے نئی درخواست جمع کرادی

خدشہ ہے کہ پاسپورٹ ملنے کے بعد ایان علی غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک فرار نہ ہو جائے، کسٹم وکیل

ملزمہ کا نام ای سی ایل میں شامل ہے تو انھیں پاسپورٹ واپس کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا، کسٹم وکیل۔ فوٹو: فائل

کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد ماڈل ایان علی کے پاسپورٹ کی حوالگی کے خلاف کسٹم حکام نے نئی درخواست جمع کرادی ہے۔

ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں ہوئی۔ اس موقع پر کسٹم کے وکیل فرحت عباس لودھی کی جانب سے ایک درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کا پاسپورٹ اہم ثبوت ہے، ملزمہ کا نام ای سی ایل میں شامل ہے تو انھیں پاسپورٹ واپس کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا، خدشہ ہے کہ پاسپورٹ ملنے کے بعد ایان علی غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک فرار نہ ہو جائے۔


عدالت نے کسٹم حکام کی جانب سے دائر درخواست پر ماڈل ایان علی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔

واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو رواں برس مارچ میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے ساڑھے 5 لاکھ ڈالر امریکی ڈالر بیرون ملک اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر گزشتہ ماہ فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم ملزمہ نے صحت جرم ماننے سے انکار کردیا تھا۔
Load Next Story