شمالی کوریا کا ہائیڈروجن بم بنانے میں کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ

شمالی کوریا اپنی خودمختاری اور ملکی دفاع کے تحفظ کے لیئے ہائیڈروجن بم استعمال بھی کرسکتا ہے،کم جونگ ان

شمالی کوریا اپنی خودمختاری اور ملکی دفاع کے تحفظ کے لیئے ہائیڈروجن بم استعمال بھی کرسکتا ہے، سربراہ کم جونگ ان

شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اس نے ہائیڈروجن بم بنانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے جسے وہ اپنی خودمختاری اور ملکی دفاع کے تحفظ کے لیئے استعمال بھی کرسکتا ہے۔

سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق ملک کے سربراہ کم جونگ ان نے ہائیڈروجن بم بنانے میں کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا ایک عظیم اور طاقتور ایٹمی قوت بننے میں کامیاب ہوگیا ہے اور اس کے ذریعے وہ اپنی خودمختاری اورسلامتی کا کامیابی سے دفاع کرسکتے ہیں، کم جونگ ان کے مطابق شمالی کوریا آئندہ بھی اپنی طاقت میں اضافے کے لئے فوجی سازوسامان بنانے کی صنعت کو مزید ترقی دے گا۔


شمالی کوریا کی جانب اس اعلان کے بعد دنیا بھر میں ہلچل مچی ہوئی ہے کیوں کہ شمالی کوریا کے اپنے ہمسائے جنوبی کوریا اوراس کے اتحادی امریکا سے سخت اختلافات ہیں اور گزشتہ دنوں تو جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کی افواج آمنے سامنے بھی آگئی تھیں۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کے ماہرین نے اس دعوے پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیانگ یانگ کے اس دعوے کو ماننا مشکل ہے تاہم ہوسکتا ہے کہ وہ ہائیڈروجن بم بنانے کی کوشش کررہا ہو ۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے 2005 میں دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایٹمی ہتھیار بنانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے جس کے بعد 2006 میں پہلا زیر زمین ایٹمی دھماکا بھی کیا گیا تھا جس کی دنیا بھر میں شدید مذمت کی گئی تھی جب کہ شمالی کوریا کے عوام کو شدید معاشی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس کے علاوہ 2009 اور 2013 میں بھی شمالی کوریا نے ایٹمی دھماکے کئے تھے۔
Load Next Story