ناتجربہ کاربولنگ کے سامنے گپٹل کی قسمت جاگ اٹھی

گپٹل کی 4 سال بعد سنچری، ڈونیڈن ٹیسٹ میں پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ سری لنکا کے گلے پڑ گیا


AFP December 11, 2015
ڈونیڈن ٹیسٹ: کیوی بیٹسمین مارٹن گپٹل کٹ شاٹ کے ذریعے گیند کو بائونڈری کی راہ دکھارہے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

ڈونیڈن ٹیسٹ میں کیویز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دینا سری لنکا کے گلے پڑ گیا، نیوزی لینڈ نے8 وکٹ پر 409 رنز جڑ دیئے، ناتجربہ کار بولنگ اٹیک کے سامنے مارٹن گپٹل کی 4 برس سے سوئی قسمت بھی جاگ اٹھی اور انھوں نے کیریئر کی تیسری سنچری جڑتے ہوئے 156 رنز بنائے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے کنڈیشنز کا غلط اندازہ لگاتے ہوئے ٹاس جیت کر کیویزکوپہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی مگر یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا، میزبان سائیڈ نے 8 وکٹ پر 409 رنز اسکور کرلیے، یہ تیسرا موقع ہے جب کیویز نے کسی ٹیسٹ کے ابتدائی روز 400 سے زائد رنز بنائے، ٹام لیتھم 22 رنز پر سورنگا لکمل کو ریٹرن کیچ دے بیٹھے۔

ان فارم ولیمسن 88 رنز پر نوان پردیپ کی گیند پر کرونارتنے کے ہاتھوں کیچ ہوئے، روس ٹیلر کو صرف 8 رنز پر پردیپ نے ایل بی ڈبلیو کیا، کپتان میک کولم نے 57 بالز پر 75 رنز بنائے، وہ سری وردنا کی گیند پر ویتھنگے کا کیچ بنے، مچل سانتنیر (12) اور بریڈلی جان واٹلنگ (5) کو چامیرا نے ٹھکانے لگایا، مارٹن گپٹل نے میتھیوز کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہونے سے قبل 156 رنز بنائے، یہ ان کی 4 برس میں پہلی اور مجموعی طور پر تیسری تھری فیگر اننگز ہے۔

ٹم ساؤتھی (2) لکمل کی گیند پر سری وردنا کا کیچ بنے، جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو بریسویل 32 اور ویگنیر بغیرکھاتہ کھولے کریز پر موجود تھے، سری لنکا کی جانب سے پورے دن میں صرف 7 میڈن اوورز کیے گئے، نیوزی لینڈ نے57 چوکے لگائے،ان میں سے 21 گپٹل نے جڑے، لکمل، پردیپ اور چامیرا نے2،2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں