ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 کا شیڈول جاری پاک بھارت ٹاکرا 19 مارچ کو ہوگا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز8 مارچ سے 3 اپریل تک بھارت میں کھیلے جائیں گے۔


ویب ڈیسک December 11, 2015
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز8 مارچ سے 3 اپریل تک بھارت میں کھیلے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 کے شیڈول کا اعلان کردیا جب کہ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 19 مارچ کو کھیلے گی۔

آئی سی سی کی جانب سے شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آئندہ سال 8 مارچ سے 3 اپریل تک بھارت میں کھیلا جائے گا جس میں 16 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جب کہ 8 ٹیموں کو دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے اور کوالیفائنگ راؤنڈ میں شامل 8 ٹیمیں بھی دو گروپوں میں تقسیم ہیں۔

گروپ اے میں جنوبی افریقا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا شامل ہیں جب کہ گروپ بی میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ہوں گی۔ کوالیفائنگ گروپ اے میں بنگلادیش، ہالینڈ، آئرلینڈ اور عمان جب کہ گروپ بی میں زمبابوے، اسکاٹ لینڈ، ہانگ کانگ اور افغانستان کی ٹیمیں ہیں۔ کوالیفائنگ گروپ سے کامیاب ہونے والی 2 ٹیمیں ورلڈکپ کے میچز میں ابتدائی 8 ٹیموں کو جوائن کریں گی۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ کے تمام میچز بنگلور، چنائی، دھرماشالا، کولکتہ، موہالی، ممبئی، ناگ پور اور نئی دہلی میں کھیلے جائیں گے جب کہ 30 اور 31 مارچ کو ممبئی اور نئی دہلی میں سیمی فائنل میچزہوں گے تاہم آئی سی سی کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل میں پاکستان کے پہنچنے کی صورت میں وہ میچ ممبئی کے بجائے نئی دہلی میں ہوگا۔

کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 کا باقاعدہ آغاز بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا جو 15 مارچ کو ناگپور میں کھیلا جائے گا جب کہ پاکستان میزبان بھارت کے ساتھ 19 مارچ کو دھرماشالا میں ٹکرائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی دفاعی چیمپئن سری لنکن ٹیم 17 مارچ کو کولکتہ میں کوالیفائنگ ٹیم سے ایونٹ کا پہلا میچ کھیلے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں