چوہدری نثار دھمکیاں نہ دیں جو ثبوت ہیں سامنے لے آئیں مشیر اطلاعات سندھ

سندھ حکومت رینجرز کے اختیارات میں کمی نہیں کررہی لیکن اسمبلی سے توثیق کرنا لازمی ہے، مولا بخش چانڈیو


ویب ڈیسک December 12, 2015
جو لوگ وفاق اور اداروں میں تصادم چاہتے ہیں انہیں مایوسی ہو گی، مولا بخش چانڈیو۔ فوٹو: فائل

مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار دھمکیاں دے کر ہمارے اور رینجرز کے درمیان اختلافات پیدا نہ کریں بلکہ پہلے اپنی کارکردگی دیکھیں جب کہ ہم بھی رینجرز کے اختیارات کے حامی ہیں لیکن اسمبلی سے توثیق کرنا لازمی ہے۔




کراچی میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس کے جواب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرداخلہ کا آج کا بیان صرف اشتعال دلانے کے لیے تھا اور وہ اپنے پارٹی کے مفادات کو دیکھ رہے ہیں جب کہ سندھ حکومت رینجرز کے آپریشن کے خلاف نہیں اور نہ ہی ہمیں رینجرز کے مینڈیٹ سے انکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے رینجرز پر کبھی بد اعتمادی کا اظہار نہیں کیا ہم تو اب بھی رینجرز کے اختیارات کے حامی ہیں تاہم کچھ لوگوں کو جمہوریت اچھی نہیں لگتی وہ جمہوریت کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے اس لیے اس قسم کے بیانات دے رہے ہیں۔



مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ رینجرز کو ہم متنازعہ نہیں بنارہے بلکہ کچھ لوگ بیانات دے کر اسے متنازعہ کررہے ہیں اور ہم نے کراچی آپریشن کی حمایت کرتے ہوئے رینجرز کو اختیارات دیے تھے جب کہ اب بھی رینجرز کے اختیارات کے حامی ہیں لیکن احتساب کے لیے اور ادارے ہیں اور ہم آئینی تقاضے بھی پورے کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے چوہدری نثار اور وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی نظر میں آئین کی کوئی اہمیت نہیں لیکن ہم اسے اہمیت دیتے ہیں جب کہ آپ تو قومی اسمبلی اور سینیٹ کی بھی قدر نہیں کرتے اور وہاں جانا بھی ضروری نہیں سمجھتے لیکن ہم اسمبلیوں کے تقدس کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھمکیاں دینا اچھی بات نہیں، آپ کے پاس ثبوت ہیں وہ سامنے لائیں ہماری رینجرز کو متازعہ نہ کریں اور پاکستان پر رحم کرتے ہوئے ہمارے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش نہ کریں جب کہ کراچی آپریشن آخری دہشت گردے کے خاتمے تک جاری رہے گا۔



اس سے قبل حیدر آباد میں پریس کانفرس کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور نہ ہی سندھ حکومت رینجرز آپریشن کے خلاف ہے، کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور امید ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ پیر تک حل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز سندھ حکومت کے بلانے پر ہی آئی ہے، وفاقی وزیر داخلہ صوبائی معاملات میں دخل اندازی نہ کریں اور رینجرز کے حوالے سے بیان دینے میں احتیاط سے کام لیں، چوہدری نثار رینجرز کے اختیارات کے معاملے میں اپنی پارٹی کا مفاد دیکھ رہے ہیں۔



مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ جو لوگ وفاق اوراداروں میں تصادم چاہتے ہیں انہیں مایوسی ہوگی، پیپلز پارٹی کی یہ حکومت بھی اپنی مدت پوری کرے گی، گزشتہ 5 سالوں میں بھی بہت سے لوگوں نے پیپلز پارٹی سے متعلق اپنی خواہشات کا اظہار کیا جو سب غلط ثابت ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاک فوج اور دیگر اداروں پراعتماد ہے، کچھ سیاسی لوگوں نے رینجرزکو گالیاں دیں، جلوس اور ریلیاں نکالیں لیکن کراچی کے امن کے لئے رینجرز ضروری ہے اور اس معاملے کو متنازع نہ بنایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں