آپریشن ضرب عضب کےڈیڑھ برس کے دوران 3400 دہشت گرد ہلاک ہوئےآئی ایس پی آر

آپریشن ضرب عضب کے ڈیڑھ برس کے دوران 21 ہزار 193 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا،آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک December 12, 2015
دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں 488 اہلکار شہید جب کہ 1914 زخمی ہوئے، ڈی جی آئی ایس پی آر فوٹو: فائل

پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران اب تک 3ہزار 400 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے جب کہ اس دوران 488 فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آپریشن ضرب عضب کو ڈیڑھ برس مکمل ہوگیا اس دوران کئی اہداف حاصل کرلئے گئے، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے، تہواروں اور سماجی تقریبات کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے سانحے کے بعد پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تیز کیا، آپریشن کے آخری مرحلے میں پاک افغان سرحدی علاقے کو دہشت گردوں سے صاف کیا جارہا ہے۔ اب تک ملک بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر 13 ہزار 200 آپریشن کئے گئے۔ ان کارروائیوں میں 3 ہزار 400 دہشت گرد ہلاک جب کہ 21 ہزار 193 کو گرفتار کیا گیا، اس کے علاوہ دہشت گردوں کی 837 محفوظ پناہ گاہیں بھی تباہ کی گئیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز کو بھی بے پناہ قربانیاں دینا پڑیں، ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 488 سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جب کہ ایک ہزار 914 اہلکار زخمی ہوئے، شہید اور زخمی اہلکاروں میں پاک فوج، ایف سی خیبر پختونخوا و بلوچستان، پولیس اور سندھ رینجرز کے جوان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں قائم 11 فوجی عدالتوں میں 142 مقدمات بھیجے گئے جن میں سے 55 پر فیصلے سنائے جاچکے جب کہ 87 زیر سماعت ہیں، ان مقدمات میں 31 دہشت گردوں کو سزائیں سنائی جاچکی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں