زندگی اپ گریڈ ہو رہی ہے…

شامت اعمال کہ اس روز صبح صبح ٹیلی وژن لگا لیا کہ چلو کچھ دنیا سے باخبر ہو جائیں


Shirin Hyder December 13, 2015
[email protected]

شامت اعمال کہ اس روز صبح صبح ٹیلی وژن لگا لیا کہ چلو کچھ دنیا سے باخبر ہو جائیں، صبح نو بجے کا وقت تھا اور ہر ٹیلی وژن چینل ایک اہم ترین خبر کو رگڑ رہا تھا... وزیر اعظم کے ہاتھوں ، وزیر اعظم کے پروگرام کے تحت وفاقی دارالحکومت میں تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کا پروگرام۔ خوشی ہوئی کہ وزیر اعظم صاحب کو تین سال گزار کر یقین آ گیا کہ ان کا اختیار اور ان کے فرائض لاہور سے باہر بھی ہیں۔

اب ٹیلی وژن تھا، وزیر اعظم، ان کی صاحبزادی اور حکومت کے کارنامے اور اس کی تکرار کوئی کتنی بار اور کتنی دیر تک سن سکتا ہے؟ نہ ہی انھوں نے کوئی ایسا بڑا کارنامہ سر انجام دے دیا ہے کہ جس کا ڈھنڈورا اتنی دیر تک پیٹا جاتا، ایک تعلیمی ادارے کی کمپیوٹر لیب اور لائبریری کوئی ملکی سطح کا فلاح کا کام نہیں بلکہ ایک کام کی ابتداء ہے اور اسے تمام چینلز سے اس قدر کوریج دیا جانا ... میرا خیال ہے کہ کوئی اور خبر نہ تھی تو یہی سب سے اہم خبر بن گئی۔

... وزیر اعظم صاحب ابھی تھوڑی دیر قبل ہی اس کالج میں پہنچے ہیں جہاں انھوں نے ابھی ابھی افتتاح کیا ہے۔

... وزیر اعظم نے کالج کی طالبات اور اساتذہ سے بھی ملاقات کی ہے اور ان کے ساتھ ان کے دیگر مسائل پر بھی بات کی ہے... خرم ، آپ بتائیے کہ جب وزیر اعظم یہاں پہنچے تو انھوں نے سب سے پہلا کام کیا کیا تھا؟ خرم اسکرین پر نمودار تو ہوئے مگر انھیں یاد نہ آ رہا تھا کہ وہ سوال ان کے اسکرپٹ میں شامل تھا نہ ہی اس نے نوٹ کیا تھاکہ وزیر اعظم نے سب سے پہلے کیا کام کیا تھا اور وہ آئیں بائیں شائیں کرنے لگے!! فوراً منظر بدل گیا۔

اور اشتہارات چلنے لگے۔ناظرین اس وقت اسکرین پر آپ دیکھ رہے ہیں اس کالج کا منظر جہاں اب سے کچھ ہی دیر پہلے وزیر اعظم صاحب تشریف لائے تھے اور انھوں نے وزیر اعظم کے تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے پروگرام کے تحت اس کالج میں کمپیوٹر لیب اور لائبریری... اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں لگ بھگ 512 تعلیمی اداروں کو اس کے تحت اپ گریڈ کیا جائے گا، اس میں لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کے تعلیمی ادارے شامل ہیں اور ناظرین اس سے سیکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں بچے مستفید ہوں گے...

اسکرین پر آپ کو مریم نواز شریف نظر آ رہی ہیںجو کہ اس سے پہلے وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کی انچارج تھیں اور اب انھیں نگران بنا دیا گیا ہے وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے پروگرام کا... وزیر اعظم صاحب نے آج پہلے تعلیمی ادارے کی اپ گریڈیشن کا تھوڑی دیر پہلے افتتاح کیا ہے اور اب وہ نظر آرہے ہیں کالج کی انتظامیہ کے ساتھ۔ قیوم، وزیر اعظم انتہائی خوشگوار موڈ میں ہیں اور ابھی ابھی انھوں نے افتتاح کیا ہے، آپ کیا سمجھتے ہیں؟ قیوم کو کیا سمجھنا تھا، وہ تو پھر وہی تکرارکر رہے تھے جو وہ پچھلے ایک گھنٹے سے کر اور سن رہے تھے، '' ابھی ابھی وزیر اعظم نواز شریف نے... ''

اور پھر اشتہارات کے لیے وقفہ ہو گیا۔

دس بج گئے... '' ناظرین ابھی ابھی ایک بریکنگ نیوز ملی ہے... ڈزن ڈزن ڈزن... خبر سنانے والے کا جوش دیدنی، ڈیڑھ گھنٹے سے وہ بھی ایک ہی خبر کو پیٹ پیٹ کر بور ہو گیا تھا اور ہم سن سن کر... دادو میں ایک جھونپڑی میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد کی ہلاکت کی خبر ملی ہے، ہلاک ہونے والوں میں ماں، چار بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں، باپ بھی جھلس گیا ہے!! ابھی ابھی اطلاع ملی ہے کہ... دادو سے نمایندۂ خصوصی سے رابطہ قائم ہوا ہے۔

آئیے ان سے پوچھتے ہیں کہ یہ سانحہ کس طرح ہوا! ناظرین انتہائی افسوسناک سانحہ ہے یہ، ایک ہی گھر کے آٹھ افراد کی بیک وقت ہلاکت، قیامت سی قیامت ہے!!! '' نمایندہ خصوصی سے بھی ٹوٹا پھوٹا رابطہ ہوا... غالباً کسی کو احساس ہوا کہ کچھ غلط ہو گیا ہے... کیا وزیر اعظم اور کیا دادو میں مرنے والوں کی مجال کہ وزیر اعظم کے '' اہم کارنامے '' کی کوریج میں مخل ہوں ۔ زندگی اپ گریڈ ہو رہی ہے... تین منٹ کے بعد پھر وہی ریل چل پڑی... ناظرین اس وقت وزیر اعظم نواز شریف موجود ہیں پنج گراں میںلڑکیوں کے کالج میں جہاں انھوں نے ابھی ابھی افتتاح کیا ہے۔

میرے علم میں نہیں کہ مریم نواز صاحبہ نے الیکشن لڑا یا وہ ایک منتخب نمایندہ ہیں تاہم وہ ملکی سطح پر بڑے بڑے پروگراموں کی انچارج ہیں۔ایک کالج یا پانچ سو اداروں کی اپ گریڈیشن کی کیا اہمیت ہے اس ملک میں، لگ بھگ بیس کروڑ کی آبادی کا ملک ہے جہاں لاکھوں لوگ ہر رات بھوکے سوتے ہیں، لاکھوں لوگ ہر روز علاج کی سہولت نہ ہونے سے مر جاتے ہیں یا سسک سسک کر سانسیں پوری کرتے ہیں۔

جہاں تعلیم کا حصول تو درکنار لاکھوں لوگ لفظ '' تعلیم '' کے مفہوم سے ہی واقف نہیں ہیں، یہاں ایک رائی کے سائز کے منصوبے کی خاطر آپ نے اپنے قیمتی وقت میں سے اتنا وقت نکالا، صرف اپنوں کو خوش کرنے کے لیے تو اس کے لیے کئی اور طریقے ہیں جناب... اہم مسائل پر توجہ دیں، ہمیں بتایا جاتا ہے کہ زندگی اپ گریڈ ہو رہی ہے اور ہم ہونقوں کی طرح دائیں بائیں دیکھ کر خود سے سوال کرتے ہیں، '' کس کی؟ '' جو کام شعبہ تعلیم سے منسلک کسی شخصیت کو کرنا چاہیے وہ آپ اپنے منظور نظروں کو دے دیتے ہیں۔

دوسروں پر بھی اعتماد کریں۔ جو کام اس ملک کی ترقی کے لیے آپ کرتے ہیں ، وہ آپ پر عوام کی طرف سے ذمے داری ہے، اسے احسان سمجھ کر نہ کریں ۔ مسائل بہت سے ہیں ، ان کے حل کی طرف توجہ دیں، کوشش کریں کہ چھوٹے چھوٹے کاموں کی پبلسٹی کم سے کم کریں۔ اگلے دو سال آپ کے لیے اہم ہیں، آنے والا وقت آپ کو بتانے والا ہے کہ آپ نے عوام کے ساتھ اپنے دور اقتدار میں کیا کیا اور ان کے لیے کیا آسانیاں پیدا کیں اور انھیں کن مزید مشکلات میں مبتلا کیا... زندگی اپ گریڈ ہو رہی ہے، زندگی اپ گریڈ ہو رہی ہے !!!

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں