رینجرز کو اختیارات نہیں دیئے گئے تو سول وار شروع ہو جائے گی پیر پگارا

رینجرز نے کراچی میں آپریشن کرکے شہر کی رونقوں کوبحال کیا ہے، پیر صبغت اللہ شاہ


Staff Reporter December 13, 2015
سب لوگ رینجرز کے آپریشن کو سراہتے ہیں، رینجرز نے کراچی میں بدامنی کو کنٹرول کیا ہے، پیر پگارا۔ فوٹو: فائل

فنکشنل لیگ کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیرصبغت اللہ شاہ راشدی پیرپگارا نے کہا ہے کہ سندھ کی موجودہ صورت حال خطرناک ہے، سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کو اختیارات نہیں دینا صوبے کوسول وارکی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔

رینجرز کواختیارات دینے کے معاملے کوفوری حل کرناہوگا، فوج اور رینجرز لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لانا چاہتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے، مخدوم امین فہیم سے دیرینہ تعلقات تھے، ان کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی نشست پر فنکشنل لیگ اپناامیدوار نہیںلائے گی، سانگھڑ میں حالات اتنے خراب نہیں تھے کہ وہاں پر بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جاتے، سانحہ درازہ شریف کی تحقیقات سے مطمئن ہوں۔

وہ ہفتے کومخدوم ہاؤس میںصوبائی وزیرمخدوم جمیل الزماںسے ان کے والد مخدوم امین فہیم کی وفات پرتعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ پیر پگارا نے مخدوم جمیل الزماں سے 2 گھنٹے طویل ملاقات کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیر پگارا نے کہا کہ رینجرز نے کراچی میں آپریشن کرکے شہر کی رونقوں کوبحال کیا ہے، رینجرزکا آپریشن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہے، سب لوگ رینجرز کے آپریشن کو سراہتے ہیں، رینجرز نے کراچی میں بدامنی کو کنٹرول کیا ہے۔ سندھ حکومت رینجرز کو اختیارات نہیں دے رہی ہے ۔

اس سے صورت حال خطرناک ہورہی ہے، اگر رینجرز کو سندھ سے ہٹایا گیا تو صوبہ سول وار کی طرف جاسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کرپشن کے پیسے دہشت گردی میں استعمال ہوئے ہیں، صوبے میں5 سال میںاتنی کرپشن کی گئی ہے جتنی گزشتہ 20برس میں نہیں کی گئی۔ ہم قیام امن اوردہشت گردی کے خلاف وفاق کی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ کراچی آپریشن جاری رہے اور رینجرز کو اختیارات ملیں۔ انھوں نے کہا کہ بدامنی کوجواز بنا کر سانگھڑ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے گئے۔

سانگھڑ میںکوئی کشیدگی نہیںہے، سانگھڑ میں بلدیاتی انتخابات فوری کرائے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ سانحہ درازہ شریف خیرپور کے حوالے سے جو تحقیقات جاری ہے اس سے مطمئن ہوں، وزیراعلیٰ سندھ نے ان تحقیقات میںکوئی مداخلت نہیں کی۔ انھوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم میرے دیرینہ دوست تھے۔ صوبائی وزیر مخدوم جمیل الزماں نے کہا کہ پیر پگارا ہمارے بڑے ہیں، ان کے آنے سے مجھے حوصلہ ملا ہے ان سے رہنمائی حاصل کرتا رہوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں