لیجنڈری اداکار دلیپ کمارکو بھارت کے اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نواز دیا گیا
بھارتی حکومت کی جانب سے دلیپ کمار کو فلمی دنیا میں ان کی خدمات پر پدما وبھوشن ایوارڈ دیا گیا
NAUDERO:
بھارتی حکومت کی جانب سے بالی ووڈ کے عظیم اداکار اور شہنشاہ جزبات دلیپ کمار کو پدما وبھوشن ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
ممبئی میں دلیپ کمار کے گھر پرہی منعقدہ ایک تقریب میں بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے انہیں میڈل اور سرٹیفکیٹ دیا جب کہ حکومت کی جانب سے انہیں چادر بھی پہنائی گئی، اس موقع پر ان کی اہلیہ اور سابق ناموراداکارہ سائرہ بانو بھی موجود تھیں۔
لیجنڈری اداکار کو بھارت کا سب سے بڑا شہری اعزاز فلمی دنیا میں ان کی خدمات پردیا گیا ہے۔تقریب میں بھارتی ریاست مہارشٹرا کے گورنر،وزیراعلیٰ اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔رواں سال 25 جنوری کو یوم جمہوریہ کے موقع پر بھارتی حکومت کی جانب سے دلیپ کمار اور امیتابھ بچن سمیت دیگر اداکاروں کو پدما بھوشن ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا تھا،تاہم دلیپ کمار خرابی صحت کی وجہ سے ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں شریک نہیں ہوسکے تھے جہاں انہیں یہ ایوارڈ دیا جانا تھا اس لیئے مرکزی حکومت کی جانب سے انہیں گھر پر ہی یہ ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ پدما وبھوشن ایوارڈ بھارت کا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے جو کہ فن، سماجی کام، سائنس، تجارت ادب تعلیم، کھیل اور سول سروسز جیسے شعبوں میں بہترین کام کرنے والوں کو دیا جاتا ہے۔دلیپ کمار اس سے قبل بھی لاتعداد ایوارڈز اپنے نام کرچکے ہیں او انہیں سب سے زیادہ ایوارڈز جیتنے والے اداکار کا بھی اعزاز حاصل ہے جس کی بدولت ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا۔ دلیپ کمارکی فنی خدمات کے پیشِ نظربھارتی حکومت کی جانب سے انہیں پدما بھوشن اور دادا صاحب پھالکے ایوارڈزبھی عطا کیے ہیں۔