رینجرزاختیارات سے متعلق سیاست چمکانا مناسب نہیں اس لئے ڈاکٹرعاصم کو اس معاملے کے ساتھ نہ جوڑا جائے،وزیراعلی سندھ . فوٹو:فائل
KARACHI:
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں رینجرز اختیارات کے معاملے کو ڈاکٹرعاصم حسین سے نہ جوڑا جائے، ڈاکٹرعاصم ہوں یا کوئی اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیئے۔
خیرپور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کراچی میں رینجرز اختیارات میں توسیع کے مخالف نہیں، رینجرز وفاق کا ادارہ ہے اس لئے آئین کے آرٹیکل 147 کے تحت رینجرز اختیارات سے متعلق اسمبلی سے توسیع لینا ضروری ہے، رینجرز اختیارات میں توسیع قانونی معاملہ ہے جس پر تھوڑی سی تاخیر ہوئی تاہم اسے جلد اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواہ مخواہ رینجرز کے معاملے کو میڈیا پر اچھالا گیا، رینجرز ہمارے ساتھ ہے اور رہے گی جب کہ کراچی میں قیام امن کے لئے رینجرز اور پولیس کی قربانیاں سب کے سامنے ہیں۔
وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں رینجرز اختیارات سے متعلق سیاست چمکانا مناسب نہیں اس لئے رینجرز اختیارات کے معاملے کو ڈاکٹرعاصم کے ساتھ بھی نہ جوڑا جائے، رینجرزنے پولیس کے ساتھ مل کر بہت اچھا کام کیا اور امن قائم کرنے میں بہت کامیابی حاصل کی جسے فراموش نہیں کرسکتے تاہم پولیس کی کامیابیوں اور قربانیوں کو زیادہ کوریج نہیں دی گئی جب کہ کچھ لوگ اپنی لیڈری چمکانے کے لئے رینجرز کے نام پر سیاست کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں اس میں ناکامی ہوگی۔ وزیراعلی قائم علی شاہ نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدی نثار سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیرداخلہ نے اپنی پریس کانفرنس میں پولیس کی قربانیوں کا ذکر تک نہ کیا جب کہ ان کی جانب سے ایک شخص کو بچانے اور ویڈیو کی بات بھی بہت نامناسب ہے، ڈاکٹر عاصم ہوں یا کوئی اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہئے۔