رنگ برنگا آنچل

آنچل ہمارے ہاں کی خواتین کا ایک خاص حوالہ ہے۔ ادب میں بھی جا بہ جا اس کے حوالے ملتے ہیں۔


فرحین ریاض December 14, 2015
ذکر مشرق کی ایک خوب صورت روایت کا۔ فوٹو: فائل

دوپٹہ مشرق میں نسوانیت اور شرم وحیا کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ یہ خواتین کی شخصیت کو ایک جداگانہ اور منفرد احساس دیتی ہے۔ خواتین کا سر ڈھکنا ہماری تہذیب کی ایک روشن روایت ہے۔

یہ روایت ہماری خواتین کو دل کشی عطا کرتی ہے۔ دوپٹہ ہماری خواتین کی پہچان ہے، یہ ہماری مذہبی اور سماجی اقدار کا آئینہ دار بھی ہے۔ مشرقی عورت کا تصور کرتے ہی ہمارے ذہن میں دوپٹہ آجاتا ہے۔

مشرقی عورت کی پہچان میں جہاں بہت سی چیزیں شامل ہیں، وہاں اس کے آنچل کو نمایاں اور بنیادی حیثیت حاصل ہے، جو کہ مشرق سے تعلق رکھنے والی خواتین کی خاص نشانی ہے۔ دوپٹہ زمانہ قدیم سے ہی مشرقی خواتین کے لباس کا حصہ رہا ہے۔ پہلے خواتین دوپٹے کے معاملے میں زیادہ حساس نہیں تھیں، اس لیے کسی بھی سوٹ کے ساتھ کوئی بھی دوپٹہ پہن لیا جاتا تھا، جیسے جیسے زمانے نے ترقی کی، فیشن میں بھی تبدیلی آتی گئی۔ کچھ خواتین دوپٹہ فیشن کے طور پربھی اوڑھتی ہیں اور کچھ اسے ضروری سمجھتی ہیں۔ آنچل ہمارے ہاں کی خواتین کا ایک خاص حوالہ ہے۔ ادب میں بھی جا بہ جا اس کے حوالے ملتے ہیں۔

یوں تو سر ڈھانپنا دنیا بھر کی مسلمان خواتین کا خاصہ ہے، لیکن ہر جگہ اس کا طریقہ اور نوعیت الگ نظر آتی ہے، جیسا کہ ہمارے ہاں سر ڈھکنے کے لیے دوپٹے کا استعمال کیا جاتا ہے۔ یہی نہیں لباس سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اسے بھی خوب آراستہ کیا جاتا ہے، مختلف رنگوں، بیلوں، کڑھائی اور بیل بوٹوں کی مدد سے اس کی خوب صورتی میں اضافہ کیا جاتا ہے۔

بہت سی خواتین دوپٹے کو گوٹے کناری اورشیشوں کی کڑھائی سے سجاتی ہیں۔ دھاگوں کی کڑھائی شیڈورک، آر کی کڑھائی کے دوپٹوں کی بھی آج کل بہت مانگ ہے۔ جالی اور دوپٹے کے چاروں طرف چوڑی پٹی کی شکل میں تلے اور نقش کاری کا کام بھی خاصا پسند کیا جاتا ہے۔ دوپٹے پر سلمہ ستارے اور موتی کا کام بھی خواتین نہایت شوق سے کرواتی ہیں، جب کہ دوپٹے میں کہیں کہیں متضاد رنگ کا کپڑا لگا کر کڑھائی کے لباس کو مزید پرکشش بنایا جا سکتا ہے۔ سیاہ رنگ پر سفید اور سنہری تلے کا کام اور نقاشی کا استعمال لباس میں نکھار پیدا کرتا ہے۔ فیبرک ہینڈ پینٹنگ، ٹائی اینڈ ڈائی، سلک آرٹ ورک، ایمبرائیڈری، گلئیٹر اور ایک ترتیب سے کروشیہ کا کام بھی بہت مقبول ہے۔

ہماری خواتین کے بیش تر ملبوسات میں دوپٹہ کسی نہ کسی صورت میں شامل نظر آتا ہے۔ اس کی چند اقسام کچھ یوں ہیں۔

٭ہینڈ پینٹڈ دوپٹہ

اس فن نے اپنے آغاز سے ہی رنگوں کی جادونگری کے باعث بہت مقبولیت حاصل کی ہے، جو آج بھی بر قرار ہے۔ اس کے ساتھ گلیڑ، سلک کلر، ٹائی اینڈ ڈائی، فیبرک پینٹنگ نے بھی اس خوب صورتی میں اضافہ کیا، بڑے عرض کے دوپٹے میں خوب صورت ڈیزائننگ اور رنگوں کا نزاکت سے استعمال کسی بھی عام سوٹ کو خاص بنا سکتا ہے۔

٭فیبرک پینٹنگ

یہ ہینڈ پینٹنگ کا دل کش و خوش رنگ انداز ہے، اس فن کا کمال یہ ہے کہ اس میں فلورل، جیومیٹریکل اور ایسٹریکل ڈیزائنز کے ساتھ ہر دور، ہر تہذیب کے عکس و آہنگ کو بڑی عمدگی سے یک جا کیا جاتا ہے اور خواتین اس طرح کہ دوپٹہ پہن کر بہت خوب صورت نظر آتی ہیں۔

٭ٹائی اینڈ ڈائی

یہ ایک پرانا طریقہِ رنگائی ہے، جس میں دوپٹہ کو گرہیں لگا کر یا دھاگے سے باند کر بڑی مہارت سے رنگا جاتا ہے، یہ کام آپ سلک کلر سے بھی بہت آسانی سے کر سکتی ہیں، جیسے جیسے زمانہ ترقی کی منازل طے کرتا گیا، اس آرٹ میں جدت اور خوب صورتی آتی گئی، دلہن کے لیے مایوں اور منہدی کے سوٹ کے ساتھ ٹائی اینڈ ڈائی دوپٹہ گوٹے، ترتیب کے ساتھ منفرد اور دل کشی میں اضافہ کرتا ہے۔ اس ہنر کو مہارت سے سیکھ کر خواتین اسے روزگار کا ذریعہ بھی بنا سکتی ہیں۔ پلین سوٹ کے ساتھ چنری اسٹائل دوپٹہ لے لیا جائے تو ایک عام سوٹ بھی خاص بن سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں