مسئلہ بلیک ہیڈز کا۔۔۔

بلیک ہیڈز ناک اور گال پہ نکلنے والے وہ کالے نشان ہوتے ہیں جو مہنگی کریموں سے بھی ختم نہیں ہوتے


سحرش پرویز December 14, 2015
بلیک ہیڈز ناک اور گال پہ نکلنے والے وہ کالے نشان ہوتے ہیں جو مہنگی کریموں سے بھی ختم نہیں ہوتے. فوٹو: فائل

بلیک ہیڈز (Blackheads) ناک اور گال پہ نکلنے والے وہ کالے نشان ہوتے ہیں، جو خاصے بدنما لگتے ہیں۔ یہ مسئلہ زیادہ تر اسکول اور کالج جانے والی لڑکیوں کو درپیش ہوتا ہے۔ آپ کی جلد صحت مند ہو یا مسائل کا شکار، اس کا ہر طرح کی جلد پہ نکلنا عام سی بات ہے۔ یہ دیکھنے میں جتنے بد صورت لگتے ہیں، انہیں نکالنا بھی اتنا ہی مشکل ہے، حتٰی کہ آپ کافی منہگی اور اچھی کریموں کا استعمال بھی کر لیں، مگر ان سے چھٹکارا نہیں ملتا۔

ہم آپ کو آج کچھ ایسی گھریلو چیزوں کے بارے میں بتاتے ہیں، جن کے ذریعے آپ بنا کوئی پیسے خرچ کیے اور بغیر کسی تکلیف کے اپنے گھر میں ہی بلیک ہیڈز کو مکمل طور پر صاف کر سکتی ہیں۔

٭بیکنگ سوڈا

بیکنگ سوڈے کا استعمال مختلف کوسمیٹک مصنوعات میں بھی ہوتا ہے۔ اپنی جلد پر بیکنگ سوڈے کے روزانہ استعمال سے جلد صاف اور شفاف رہتی ہے۔ اس کا آمیزہ بنانے کے لیے ایک چائے کا چمچا بیکنگ سوڈے میں ایک چائے کا چمچا پانی ملائیں اور چہرے پر جس، جس جگہ بلیک ہیڈز ہیں، وہاں لگائیں اور ہلکے ہلکے مساج کریں، اس کے بعد دھولیں۔ یہ نہ صرف بلیک ہیڈزکو صاف کر دے گا، بلکہ آپ کے چہرے سے اضافی چکنائی اور میل کوبھی صاف کر دیتا ہے، جو بلیک ہیڈز بننے کا سبب ہیں۔

٭لیموں کا رس

لیموں کا رس جلدکے ہر مسئلے کے حل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ چہرے پہ دانے ہوں یا ایکنی، لیموں کا رس بہت فائدہ پہنچاتا ہے۔ بلیک ہیڈزکو صاف کرنے کے لیے لیموں کے رس کو دو طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے۔ ایک طریقہ یہ ہے کہ ایک چمچا چینی میں چار قطرے لیموں کا رس شامل کریں اور اسے بلیک ہیڈز والی جگہ پہ لگائیں اور اچھی طرح سے رگڑیں۔ اس سے بلیک ہیڈز بھی صاف ہو جائیں گے اور جلد چمک اٹھے گی۔ اس کو استعمال کرنے کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ لیموں کے رس میں دہی، شہد اور نمک ملائیں اور بلیک ہیڈز پہ لگائیں۔ یہ بلیک ہیڈز کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ایک بہت اچھا موائسچرائزر بھی ہے۔

٭نمک کا پانی

نمک کا پانی گلا صاف کرنے کے لیے بھی ایک بہترین گھریلو ٹوٹکا مانا جاتا ہے۔ یہ جلد کے داغ دھبوں کو صاف کرنے کے لیے بھی خاصا مفید ہے۔ نمکین پانی آپ کے چہرے کی جلد سے اضافی چکنائی کو بھی ختم کرتا ہے۔ نمک کے پانی کو روئی کی مدد سے بلیک ہیڈز پر لگائیں۔ اس کے روزانہ اور باقاعدگی کے استعمال سے بلیک ہیڈز سرے سے ہی ختم ہو جائیں گے۔

٭ٹوتھ پیسٹ

ٹوتھ پیسٹ کو ٹوتھ برش کی مدد سے بلیک ہیڈز پر لگائیں۔ اس کو دو طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایک ٹوتھ پیسٹ کو کچھ دیر کے لیے بلیک ہیڈز پہ لگا رہنے دیں، اس سے چہرے کی اضافی چکنائی ختم ہو جائے گی اور یہ چہرے کو داغ دھبوں سے بھی محفوظ رکھے گا۔ دوسرا، ٹوتھ پیسٹ کو ٹوتھ برش پر لگا کر بلیک ہیڈز پہ اس کا مساج کریں۔ اس سے بلیک ہیڈز ایسے صاف ہوںگے، جیسے کسی چیز کا چھلکا اترتا ہے۔ ٹوتھ پیسٹ سے آپ کی جلد نرم اور ملائم بھی ہو جائے گی۔

٭شہد

شہد نہ صرف آپ کے چہرے کی جلد کو جھریوں سے محفوظ رکھتا ہے، بلکہ اس کو اگر ماسک کی طرح چہرے پہ لگائیں، تو بلیک ہیڈز بھی صاف ہو جاتے ہیں۔ ماسک بنانے کے لیے شہد میں دار چینی کا پاؤڈر ملائیں اور اسے کچھ گھنٹے کے لیے چہرے پہ لگا رہنے دیں، پھر بعد میں نیم گرم پانی سے منہ دھو لیں۔ چہرے کی جلد تازہ ملائم ہو جائے گی۔

٭انڈے کی سفیدی

یہ سوچتے ہوئے ہی کچھ عجیب سا محسوس ہوتا ہے کہ انڈا چہرے پر لگائیں، لیکن یہ آپ کی جلد کے لیے بے حد فائدہ مند ہے۔ ایک سے دو انڈوں کی سفیدی میں ایک چمچا شہد شامل کریں اور اسے آدھے گھنٹے تک بلیک ہیڈز پر لگائیں۔ یہ بلیک ہیڈز صاف کرنے کے ساتھ ساتھ چہرے کی جلد کو نرم بنانے میں بھی مدد دیتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |