دمشق میں بمباری اور میزائل حملے اسکول کے بچوں سمیت 45 افراد ہلاک

لڑاکا طیاروں نے اسکولوں پر بھی بم برسائے جس میں مزید بچوں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے


ویب ڈیسک December 14, 2015
لڑاکا طیاروں نے اسکولوں پر بھی بم برسائے جس میں مزید بچوں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، فوٹو: فائل

شام کے دارالحکومت دمشق پر لڑاکا طیاروں کی بمباری سے اسکول پرنسپل اور 2 بچوں سمیت 45 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ حملوں میں مزید طلبہ کے ہلاک ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دمشق اور اس سے ملحقہ باغیوں کے زیر اثر علاقے دوما میں لڑاکا طیاروں نے اسکولوں سمیت دیگر رہائشی مقامات پر بمباری کی اور میزائل داغے جس کے نتیجے میں اسکول پرنسپل اور 2 بچوں سمیت 45 افراد ہلاک ہوگئے۔ برطانوی انسانی حقوق کی تنطیم نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دمشق سے 15 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع قصبے دوما پر لڑاکا طیاروں نے حملہ کیا اس دوران زمین سے زمین پر مارکرنے والے میزائلوں کا بھی استعمال کیا گیا ۔

انسانی حقوق کی تنظیم کی رپورٹ کے مطابق حملوں میں 40 سے زائد مارٹر گولے فائر کیے گئے جو دمشق کے مشرقی حصوں میں گرے جب کہ ان حملوں کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد اسکول کے طلبا کی ہے ۔

واضح رہے کہ شامی فوج کے لڑاکا طیارے دوما میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں پر متعدد مرتبہ فضائی حملے کر چکے ہیں اورچند روز قبل دوما کے ایک مصروف بازار پر بمباری سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں