مونگ کی دال کے کنٹینرز میں مٹی نکل آئی

درآمدکنندہ نے گڈزڈیکلریشن میں کنسائمنٹ کی درآمدی ویلیو 53ہزار 943 ڈالر ظاہر کی جو 53لاکھ 94 ہزار روپے بنتی ہے،ذرائع

درآمدکنندہ نے گڈزڈیکلریشن میں کنسائمنٹ کی درآمدی ویلیو 53ہزار 943 ڈالر ظاہر کی جو 53لاکھ 94 ہزار روپے بنتی ہے،ذرائع فوٹو: فائل

پاکستان کسٹمز اپریزمنٹ ایسٹ کلکٹریٹ کراچی کے شعبہ آراینڈڈی نے ایک انوکھے کیس کا انکشاف کیا جس میں حیرانی کے ساتھ پریشانی کا پہلو بھی ہے۔

کسٹمز ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ مونگ کی دال کے3کنٹینرز تنزانیہ سے درآمد کیے گئے جو پورٹ بن قاسم پراتارے گئے اور این ایل سی کنٹینرزٹرمینل میں منتقل کیے گئے جہاں کسٹمز ایگزامینشن کے دوران حکام اس انکشاف پر حیران رہ گئے کہ تینوں کنٹینرز میں مونگ کی دال کے بجائے مٹی کے بلاک ہیں۔ ذرائع نے بتایاکہ کسٹم حکام کو شبہ ہے کہ پورٹ قاسم سے این ایل سی ٹرمینل تک منتقلی کے دوران کنٹینرز سے مونگ کی دال نکال کر مٹی کے بلاک ڈال دیے گئے جبکہ درآمدکنندہ پریشان ہے، اس کا موقف ہے کہ اس نے تنزانیہ سے مونگ کی دال کا کنسائمنٹ درآمدکیا تھا لیکن کنسائنی نے دھوکہ دیتے ہوئے مٹی کے بلاک ایکسپورٹ کردیے۔

ذرائع کے مطابق درآمدکنندہ اس کنسائمنٹ کے لیے 53 ہزار ڈالر کی ادائیگی بھی کر چکا ہے اورمحکمہ کسٹمز پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ کنسائمنٹ کی جانچ پڑتال انشورنس کمپنی سے کرائی جائے تاکہ وہ انشورنس کلیم حاصل کرسکے۔ ذرائع نے بتایاکہ محکمہ کسٹمز کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہیں کہ درآمدکنندہ نے 53ہزارڈالر کی ادائیگی کس طرح کی، دوسری جانب وزارت خارجہ کے توسط سے تنزانیہ میں پاکستانی سفارت خانہ سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ تنزانیہ کی کسٹمزاتھارٹی سے مذکورہ کنسائمنٹ کے بارے میںمعلومات حاصل کرے کہ کنسائمنٹ کی روانگی کے وقت کنٹینرز میںکونسی پروڈکٹ ظاہر کی گئی تھی اورتنزانیہ میں رقم بینک یا کس ذریعے سے وصول کی گئی ہے، ان تمام معلومات کے بعد ہی اصل حقائق کا پتا لگ سکتاہے۔


دریں اثنا محکمہ کسٹمز اپریزمنٹ ایسٹ کلکٹریٹ نے انڈرانوائسنگ کے ذریعے کلیئرکیے جانے والے کنسائمنٹ پر 2 کروڑ سے زائد مالیت کے ڈیوٹی و ٹیکسوںکی چوری ناکام بنا دی۔ ذرائع نے بتایاکہ کلکٹراپریزمنٹ ایسٹ ماجد یوسفانی نے خفیہ اطلاع پر شعبہ آراینڈ ڈی ایسٹ کو ہدایت دی کہ سنگاپورسے درآمد کیے جانے والے کنسائمنٹ کو انڈرانوائسنگ کے تحت کلیئرکیے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

جس پر آراینڈڈی ایسٹ نے کنٹینرنمبر جی ایل ڈی یو 7616489 کی جانچ پڑتال کی توانکشاف ہواکہ درآمدکنندہ ایس کے انٹرپرائزز نے کلیئرنگ ایجنٹ سگما ایسوسی ایسٹ کے ساتھ مل کر سنگاپورسے درآمدی ایل ای ڈی/ایل سی ڈی مانیٹر،کارٹیج، کمپیوٹر یوایس بی، پاؤرایڈاپٹر، لیب ٹاپ کے کنسائمنٹ کو 577 فیصد انڈرانوائسنگ کے ذریعے کلیئر کرانے کی کوشش کی جیسے ناکام بنا دیا گیا۔

ذرائع نے بتایاکہ درآمدکنندہ نے گڈزڈیکلریشن میں کنسائمنٹ کی درآمدی ویلیو 53ہزار 943 ڈالر ظاہر کی جو 53لاکھ 94 ہزار روپے بنتی ہے جبکہ کنٹینرز میں پائی جانے والی انوائس پر کنسائمنٹ کی درآمدی قیمت 3 لاکھ 65 ہزار396 ڈالردرج تھی، شعبہ آراینڈڈی ایسٹ نے درآمدکنندہ کے خلاف 2 کروڑ 71لاکھ 11 ہزار 424 روپے مالیت کے ڈیوٹی وٹیکسزکی چوری کے الزام میں کنٹراونشن رپورٹ متعلقہ ایڈجیوڈیکشن کلکٹریٹ کو ارسال کردی۔

ایڈجیوڈیکشن کلکٹریٹ نے آر اینڈ ڈی ایسٹ کے موقف کی تائیدکرتے ہوئے درآمدکنندہ پر 1 کروڑ 32 لاکھ 66 ہزار روپے کا فائن اور20لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا جبکہ ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ نے ڈائریکٹوریٹ آف ویلیوایشن کسٹمز سے درخواست کی ہے کہ مذکورہ آئٹمزکی ویلیوایشن رولنگ کنٹینرز میں پائی جانے والے انوائس کے تحت جاری کی جائیں۔
Load Next Story