شہید بچوں کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے وزیراعظم نواز شریف

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے شہید بچوں کا لہو بول رہا ہے اور اس کی ایک ایک بوند ہمارے عزائم میں موجزن ہے، وزیراعظم


ویب ڈیسک December 16, 2015
دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے شہید بچوں کا لہو بول رہا ہے اور اس کی ایک ایک بوند ہمارے عزائم میں موجزن ہے، وزیراعظم، فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان اور اس کے عوام کے دشمن ہیں ہم ایسے دشمنوں کو اپنے منصوبوں سے نہیں کھیلنے دیں گے اور اپنے شہید بچوں کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔



پشاور میں سانحہ اے پی ایس کی مناسبت سے مرکزی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ آج سے ایک برس قبل آرمی پبلک اسکول میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ جو دیواریں بچوں کے ترانے سنتی تھی وہ دھماکوں سے گونج اٹھیں، پوری قوم نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کا غم محسوس کیا ،اس سانحےکے بعد پوری سیاسی قیادت اور فوجی لیڈر شپ ایک جگہ بیٹھی اور عزم کیا کہ وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں، وطن عزیز کو دہشت گردوں سے پاک کرکے دم لیں گے۔



وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے شہید بچوں کا لہو بول رہا ہے، اس لہو کی ایک ایک بوند ہمارے عزائم میں موجزن ہے، ہماری بہادر افواج اور عوام ایک جان ہوکر اپنے اس مشن میں مصروف ہیں، آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، ان کی پناہ گاہیں اور انفرااسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے، وہ دن دور نہیں جب دہشت گردی کا قلع قمع کردیا جائے گا، پاکستان کا گوشہ گوشہ امن کا گہوارہ بنے گا،علم کی شمع بجھانے والے کا وجود ختم کردیا جائے گا۔



وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ تعلیم کے دشمن انسانیت کے دشمن ہیں، پاک فوج کے سپاہیوں اور افسران نے جنرل راحیل کی قیادت میں بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دہشت گرد پاکستان اور اس کے عوام کے دشمن ہیں اور ہم ایسے دشمنوں کو اپنے منصوبوں سے نہیں کھیلنے دیں گے۔ خوشحالی کا سورج علم کے افق سے طلوع ہوتا ہے، ہم تعلیم کو اپنی بڑی ترجیح بنائیں گے، نئی نسل کو تعلیم و تریبت سے آراستہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔



ملک کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ توانائی کے بحران پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کراچی کو جرائم سے پاک کرنے اور وہاں دیرپا امن لانے کی کوشش بھی کررہے ہیں، بلوچستان میں امن کے مشن پر چل رہے ہیں۔ ہم اپنی نئی نسل کو پر امن اور ترقی کی راہوں پر گامزن پاکستان دیں گے، وہ پاکستان جس کی آرزو قائد اعظم نے کی تھی اور جس کا خواب آزادی کے شہیدوں نے دیکھا تھا، یہاں امن، محبت اور بھائی چارے کے پھول کھلیں گے، آگ اور خون کے تماشے نہیں ہوں گے۔ یہاں بارود کا دھواں اور نفرت کے نعرے نہیں بلکہ اتفاق اور ہم آہنگی کے گیت ہوں گے۔



وزیراعظم نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کا المیہ ہمارے دلوں کو چھلنی ضرور کرگیا ہے لیکن اس نے ہمیں ایک دوسرے کے قریب کردیا، اب ہم ملک کی عزت و آبرو اور یک جہتی اور اتحاد کے لئے اسی دن سے رہنمائی لیں گے، یہ دن ہمارے روشنی کا مینار بنے گا جس کی کرنوں میں ہمارے بچوں کا لہو ہمیشہ لو دیتا رہے گا۔ وہ ان والدین کے دکھ سے آگاہ ہیں جن کے بچے ان سے جدا ہوگئے۔ ان کے دلوں کے کیفیت کو سمجھ سکتے ہیں۔ شہید بچوں کے لہو کی حرارت نے پاکستان کو ایک معاشرے کی حیثیت سے بدل کررکھ دیا ہے۔ ان کے لہو نے پاکستان کے مستقبل کا راستہ متعین کردیا ہے۔ ہم اپنے شہید بچوں کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔



وزیر اعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ یہ دن ہماری تاریخ کا حصہ بن چکا ہے لیکن وہ اسے اپنے خواب اور مستقبل سے منسلک کرنا چاہتے ہیں تاکہ شہید بچوں کی یاد ہمیشہ ہمیں اپنے راستوں پر مستحکم رکھے، اس لئے اب ہمیشہ یہ دن قومی عزم تعلیم کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہیں۔ آرمی پبک اسکول شہدا یونیورسٹی کے قیام کا اعلان بھی کرتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ جب ہم ہر سال آرمی پبلک اسکول کے شہید بچوں اور ان کے اساتذہ کی قربانیوں کو یاد کریں تو اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی یاد رکھیں کہ ہمیں جہالت کے اندھیروں کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنا ہے۔ ہمیں ملک کے ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے اور ایسے پاکستان کی از سر نو بنیاد رکھنی ہو جہاں باہمی محبت، برداشت اور رواداری معاشرے کا حسن ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں