وزیر اعظم کا ہر سال 16 دسمبر کو قومی عزم تعلیم کے طور پر منانے کا اعلان

وزیر اعطم نے آرمی پبلک اسکول شہدا یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کردیا

16 دسمبر 2014 کا المیہ ہمارے دلوں کو چھلنی ضرور کرگیا ہے ، وزیر اعظم فوٹو: اے ایف پی

وزیر اعظم نواز شریف نے سانحہ اے پی ایس کی مناسبت سے ہر سال 16 دسمبر کو قومی عزم تعلیم کے طور پر منانے کا اعلان کردیا ہے۔


پشاور میں آرمی پبلک اسکول کے بچوں اور شہدا کے ورثا سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کا المیہ ہمارے دلوں کو چھلنی ضرور کرگیا ہے لیکن اس نے ہمیں ایک دوسرے کے قریب کردیا، اب ہم ملک کی عزت و آبرو اور یک جہتی اور اتحاد کے لئے اسی دن سے رہنمائی لیں گے، یہ دن ہمارے لئے روشنی کا مینار بنے گا جس کی کرنوں میں ہمارے بچوں کا لہو ہمیشہ لو دیتا رہے گا۔ وہ ان والدین کے دکھ سے آگاہ ہیں جن کے بچے ان سے جدا ہوگئے۔ ان کے دلوں کے کیفیت کو سمجھ سکتے ہیں۔ شہید بچوں کے لہو کی حرارت نے پاکستان کو ایک معاشرے کی حیثیت سے بدل کررکھ دیا ہے۔ ان کے لہو نے پاکستان کے مستقبل کا راستہ متعین کردیا ہے۔ ہم شہید بچوں کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ یہ دن ہماری تاریخ کا حصہ بن چکا ہے لیکن وہ اسے اپنے خواب اور مستقبل سے منسلک کرنا چاہتے ہیں کہ شہید بچوں کی یاد ہمیشہ ہمیں اپنے راستوں پر مستحکم رکھے، اس لئے اب ہمیشہ یہ دن قومی عزم تعلیم کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہیں۔ آرمی پبلک اسکول شہدا یونیورسٹی کے قیام کا اعلان بھی کرتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ جب ہم ہر سال آرمی پبلک اسکول کے شہید بچوں اور ان کے اساتذہ کی قربانیوں کو یاد کریں تو اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی یاد رکھیں کہ ہمیں جہالت کے اندھیروں کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنا ہے۔ ہمیں ملک کے ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے اور ایسے پاکستان کی از سر نو بنیاد رکھنی ہو جہاں باہمی محبت ، برداشت اور رواداری معاشرے کا حسن ہو۔
Load Next Story