جاوید شیخ کی بیٹی مومل شیخ نے بھی بالی ووڈ میں قدم رکھ دیا

شوبز انڈسٹری میں اپنی محنت اور لگن کے ذریعے ہی آگے بڑھ رہی ہوں، مومل شیخ


Cultural Reporter December 17, 2015
بالی ووڈ فلم میں میرا کردار انتہائی اہم ہے اورکردار پسند آنے کے بعد ہی کام کی حامی بھری، اداکارہ فوٹو : فائل

FAISALABAD: ورسٹائل اداکار جاوید شیخ کی بیٹی مومل شیخ کو بولی وڈ ڈائریکٹر مدثر عزیز نے رومانٹک کامیڈی فلم ''ہیپی بھاگ جائے گی'' میں سیکنڈ ہیروئن سائن کرلیا ہے جس کے پروڈیوسر ''تنو ویڈ منو'' ، ''تنو ویڈ منو ریٹرن'' اور''رانجھنا'' جیسی فلمیں ڈائریکٹ کرنے والے آنند ایل رائے ہیں۔

جس میں فلم ''کاک ٹیل'' کی ہیروئن ڈیانا پینٹی ابھے دیول کے مقابل مرکزی کردار کر رہی ہیں جب کہ دیگر فنکاروں میں علی افضل ، جمی شرگل، کنول جیت سنگھ اور پیوش مشرا ہیں۔مومل شیخ جنھوں نے کیرئیر کا آغاز فیشن انڈسٹری سے ماڈلنگ کے ذریعے کیا ، بعدازاں اداکاری کی طرف آگئیں یہاں بھی بطور اداکارہ وہ اپنی پہچان بنانے میں کامیاب رہیں۔

سال 2013 میں لالی وڈ اسٹار شان شاہد کے مقابل فلم ''ناچ''میں کاسٹ ہوئیں۔اب مدثر عزیز کی فلم ''ہیپی بھاگ جائے گی''کے ذریعے بالی وڈ میں نئی اننگز شروع کرنے جارہی ہیں ۔مومل شیخ کا اس بارے میں کہنا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں اپنی محنت اور لگن کے ذریعے ہی آگے بڑھ رہی ہوں ،میرے والد جاوید شیخ کے بارے میں سبھی جانتے ہیں مگر میں نے کبھی ان کی شہرت اور سفارش کا سہارا نہیں لیا،انھوں نے بھی کام کے لیے کسی پروڈیوسر یا ڈائریکٹر کو کہا ہے۔

بالی وڈ ایک بڑی انڈسٹری ہے جہاں پر پاکستانی فنکاروں اور گلوکاروں کو بہت پسند کیا جاتا ہے۔بالی ووڈ فلم میں میرا کردار انتہائی اہم ہے، اپنا کردار پسند آنے کے بعد ہی کام کی حامی بھری ۔ مومل شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی اچھی فلمیں بن رہی ہیں اگر کوئی اچھی آفر ہوئی تو خوشی سے کروں گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔