معروف ڈرامہ نگار اور اداکار کمال احمد رضوی انتقال کرگئے

کمال احمد رضوی کو اداکاری کے میدان میں ڈرامہ الف نون سے شہرت ملی


ویب ڈیسک December 17, 2015
کمال احمد رضوی 1930 میں بھارتی صوبے بہار میں پیدا ہوئے اور 19 سال کی عمر میں پاکستان ہجرت کی، فوٹو: فائل

معروف ٹی وی اداکار کمال احمد رضوی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ عسکری 3 میں ادا کی جائے گی۔

معروف ٹی وی اداکار کمال احمد رضوی بھارتی صوبہ بہار میں 1930 میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد 19 سال کی عمر میں ہجرت کی جب کہ انہوں نے فنی کیرئیر میں ریڈیو اور اسٹیج پر بھی کردار نگاری کی اس کے علاوہ انہیں پاکستان میں اسٹیج کے بانیوں میں سے تصور کیا جاتا ہے۔

کمال احمد رضوی کو اداکاری کے میدان میں ڈرامہ الف نون سے شہرت ملی اس کے علاوہ مسٹر شیطان، صاحب بی بی غلام اور آدھی بات مرحوم کے معروف ڈرامے ہیں جب کہ وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ ادبی شوق بھی رکھتے تھے اور کئی ریڈیو اور ٹی وی ڈرامے بھی تحریر کیے یہی نہیں وہ مشہور ڈائجسٹ تہذیب، آئینہ اور شمع کے ایڈیٹر بھی رہے۔

ٹی وی اداکار کمال احمد رضوی کافی عرصے سے علیل تھے جس کے باعث وہ 85 سال کی عمر میں آج خالق حقیقی سے جاملے جب کہ دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف نے ان کے انتقال پر افسوس کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔