ڈوپ ٹیسٹ بکیز نے تعاون نہ کرنے پرپریرا کو پھنسا دیا

خوراک میں ممنوعہ اشیا ملانے کا خدشہ، تحقیقات میں پولیس کی مدد بھی طلب


Sports Desk/AFP December 19, 2015
وکٹ کیپر اور ہیراتھ نے ویسٹ انڈیزسے ٹیسٹ فکسڈکرنے سے انکار کیا تھا،رپورٹ۔ فوٹو : فائل

بکیز نے تعاون نہ کرنے پر سری لنکن وکٹ کیپر کوشل پریرا کو ڈوپ ٹیسٹ کے چکر میں پھنسا دیا، ان کی خوراک میں ممنوعہ اشیا ملانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوشل پریرا کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر سری لنکن بورڈ عہدیداروں کی جانب سے شکوک کا اظہار کیا گیا تھا کہ وہ کسی سازش کا شکار ہوئے ہیں، اب اس معاملے کے راز بھی کھلنا شروع ہوگئے ہیں، وزیر کھیل دایا سری جیاسیکیرا کا کہنا ہے کہ بک میکر کے ایک ایجنٹ نے اکتوبر میں ویسٹ انڈیز سے گال ٹیسٹ کے دوران کوشل پریرا سے رابطہ کیا تھا، اس کی خواہش تھی کہ وہ بیٹنگ کی ناکامی میں کردار ادا کریں، ٹیم کی اچھی پوزیشن سے اچانک تباہی سے بکیزکو بھاری مال کمانے کا موقع ملتا، اسی لیے اس نے 70 ہزار ڈالر کی رقم کا لالچ دیا تھا، وکٹ کیپر بیٹسمین کی جانب سے مثبت جواب نہ ملنے پر بکی نے رنگانا ہیراتھ سے بھی رجوع کیا،اسپنر نے بھی انکار کرتے ہوئے حکام کو آگاہ کردیا۔

جیاسیکیرا نے کہا کہ ہوسکتا ہے خطرے کی گھنٹی بجائے جانے پر برہم بکیز کے کارندوں نے کولا سیکرا کے کھانے میں کچھ ملا دیا ہو، یہ بھی ممکن ہے کہ ان کے یورین سیمپل میں کچھ گڑبڑ کردی گئی ہو. ذرائع کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا،اسی کے ساتھ پولیس بھی انکوائری کررہی ہے،ایس ایل سی کے چیف ایگزیکٹیو ایشلے ڈی سلوا نے کہاکہ ہم کوشل سلوا کے دفاع کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں لیکن آئی سی سی اینٹی کرپشن ضوابط کا پابند ہونے کے سبب مزید تفصیلات نہیں بتا سکتے۔ ذرائع کے مطابق کم از کم 2کھلاڑیوں نے بورڈ کو بکی کی جانب سے رابطے سے آگاہ کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔