امریکی اتحادی افواج کی بمباری سے 10 عراقی فوجی ہلاک

اتحادی افواج کاکہنا ہے کہ واقعہ داعش کے خلاف کارروائی کے دوران خراب موسم کے باعث غلطی سے پیش آیا


اتحادی فورسز کی بمباری سے عراقی فوجیوں کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ ہے،فوٹو:فائل

عراق کے شہر فلوجہ کے قریب اتحادی ممالک کے ایک فضائی حملے میں 10 عراقی فوجی ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق عراقی حکام کا کہنا ہے کہ فرینڈلی فائر کا یہ واقعہ فلوجہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب عراقی زمینی افواج داعش کے خلاف ایک آپریشن کررہی تھیں کہ ان کی مدد کے لیئے آنے والے امریکا کی زیر قیادت اتحادی افواج کے طیاروں نے غلطی سے عراقی فورسز پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں 10 اہلکار ہلاک ہوگئے جن میں ایک فوجی افسر بھی شامل ہے۔ اتحادی افواج کی جانب سے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ داعش کے خلاف فضائی کارروائی کے لیئے عراقی فورسز نے ان سے درخواست کی تھی جس کے بعد داعش کی پوزیشنوں پر 2 حملے کیئے گئے تاہم تیسرے حملے میں خراب موسم کے باعث غلطی سے عراقی فورسز بمباری کی زد میں آگئیں۔امریکی افواج نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں اور واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیئے عراقی حکام کو بھی دعوت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ عراق میں داعش کے خلاف امریکا کی زیر قیادت اتحادی افواج عراقی فورسز کی مدد کے لیئے فضائی حملے کرتے رہتے ہیں اوراتحادی فورسز کی بمباری سے عراقی فوجیوں کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں