بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی تا اکتوبر421فیصد اضافہ

اکتوبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سال بہ سال 5.25 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 0.99 فیصد کا اضافہ ہوا،پی بی ایس


Business Desk December 20, 2015
اکتوبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سال بہ سال 5.25 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 0.99 فیصد کا اضافہ ہوا،پی بی ایس فوٹو: فائل

پاکستان میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں رواں مالی سال کے ابتدائی 4ماہ (جولائی تااکتوبر) کے دوران 4.21فیصد کا سال بہ سال اضافہ ہوا جس میں آٹوموبائل، کھاد اور فوڈ سیکٹر نے اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 4ماہ کے دوران آٹو موبائل سیکٹر کی پیداوار میں 31.83 فیصد کا اضافہ ہوا، اس دوران ٹریکٹرز کو چھوڑ کر تمام گاڑیوں کی پیداوار بڑھی، صوبائی حکومتوں کی جانب سے سبسڈائزڈ اسکیمیں شروع نہ کرنے اور ٹیکسز کی وجہ سے ٹریکٹرز کی پیداوار، طلب اور فروخت متاثر ہوئی ہے تاہم ٹرکوں کی پیداوار 16.90 فیصد کے اضافے سے 1ہزار480 یونٹس، بسوں کی 93.57 فیصد بڑھ کر 331 یونٹس، جیپوں اور کاروں کی44.43 فیصد کے اضافے سے 61ہزار 89 یونٹس، لائٹ کمرشل وہیکلز (ایل سی ویز) کی 140.63 فیصد بڑھ کر14ہزار65 یونٹس اور موٹر سائیکلوں کی پیداوار 16.39 فیصد کے اضافے سے 6لاکھ 68 ہزار 844 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی تااکتوبر کے دوران کھاد سیکٹر کی پیداوار 16.04فیصد، خوراک ومشروبات کی 4.86 فیصد، فارماسیوٹیکلز کی 7.20 فیصد، غیردھاتی معدنی مصنوعات کی 4.43 فیصد، کیمیکلز کی 11.74 فیصد، ٹیکسٹائل کی 0.96 فیصد، کوک اینڈ پٹرولیم پروڈکٹس کی 3.66 فیصد اور ربر پروڈکٹس کی پیداوار میں 12.57 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ 6 شعبوں کی پیداوار میں کمی ہوئی جن میں آئرن و اسٹیل کی پیداوار میں 3.14 فیصد، الیکٹرونکس 7.37 فیصد، لیدر پروڈکٹس 1.54 فیصد، پیپر اینڈ بورڈ 20.40 فیصد، انجینئرنگ پروڈکٹس 16.53 فیصد اور لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار میں 10.60 فیصد کمی ہوئی۔

پی بی ایس کے مطابق اکتوبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سال بہ سال 5.25 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 0.99 فیصد کا اضافہ ہوا، اس دوران الیکٹرونکس، چمڑے کی مصنوعات، پیپر اینڈ بورڈ، انجینئرنگ پروڈکٹس اور لکڑی کی مصنوعات کے شعبوں کو چھوڑ کر باقی تمام شعبوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا جن میں آٹو موبائل، کھاد، خوراک ومشروبات، فارماسیوٹیکلز، غیر دھاتی معدنی مصنوعات، کیمیکلز، ٹیکسٹائل، کوک اینڈ پٹرولیم پروڈکٹس اور ربر پروڈکٹس کے شعبے شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں