تمام سزا یافتہ کھلاڑیوں سے یکساں سلوک کا مطالبہ

عامرکوپی ایس ایل میں کھلانا ہے توسلمان اورآصف کو بھی شامل کریں،عبدالقادر


Sports Reporter December 20, 2015
سیریزکیلیے بھارت کی منت سماجت سے پاکستانی قوم کی عزت پرحرف آتا ہے فوٹو: فائل

عبدالقادر نے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ تمام کرکٹرز سے یکساں سلوک کا مطالبہ کردیا، سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ محمد عامر کو پاکستان سپر لیگ میں کھلانا ہے تو سلمان بٹ اور محمد آصف کو بھی شامل کرنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں عبدالقادر نے کہاکہ پی سی بی کا تینوں کرکٹرز کے بارے میں الگ الگ رویہ شرمناک ہے، حکام کو سب کے ساتھ یکساں سلوک کرنا چاہیے، جب بورڈ پر بہت زیادہ دبائو آیا تو سلمان بٹ اور محمد آصف کو ڈومیسٹک سیزن ختم ہونے کے قریب ون ڈے میچز کھیلنے کی اجازت دیدی گئی۔

عبدالقادر نے کہا کہ شہریار خان تینوں کھلاڑیوں کے ساتھ والد جیسا رویہ اختیار کریں، اگر سزا دینا ہے تو سب کو دیں،اگر چھوڑنا ہے تو سب کو چھوڑیں۔ عبدالقادر نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ سمیت دیگرکیسز میں کمزور مینجمنٹ کا بھی بڑا عمل دخل ہے۔ پاک بھارت سیریز کے حوالے سے سابق اسپنر نے کہا کہ یہ ایشز سے بڑی ہوتی ہے، دونوں ملکوں کے باہمی مقابلے ضرور ہونا چاہئیں لیکن جس طرح منت سماجت کرتے ہوئے پی سی بی کھیلنا چاہتا ہے، یہ طریقہ کار غلط ہے، اس پالیسی کی وجہ سے غیرت مند پاکستانی قوم کی عزت پر حرف آتا ہے،کبھی کہا جاتا ہے کہ وزراء اعظم نواز، مودی ملاقات کے بعد سیریز ہو گی۔

کبھی سشما سوراج اور سرتاج عزیز تو کبھی جائلز کلارک کی ثالثی کے ذریعے باہمی مقابلوں کا جھانسہ دیا جاتا ہے۔ عبدالقادر نے کہا کہ اگربھارت کو سیریز کھیلنا ہوتی تو نریندر مودی، عمران خان کو عزت دیتے ہوئے کہہ دیتے کہ آپ کرکٹ کے ہیرو ہیں، ٹھیک ہے ہماری ٹیم پاکستان کے ساتھ کھیلے گی، مگر بھارتی وزیر اعظم نے صاف جواب دینے کے بجائے مسکرانے کو ترجیح دی تو میرے جیسا بھی سمجھ گیا تھا کہ بھارت ہمارے ساتھ کھیلنا نہیں چاہتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |