ٹنڈولکر سمیت اے گریڈ پلیئرز کو سالانہ 1 کروڑ ملیں گے

ہربھجن اور ایشانت شرما بھارتی سینٹرل کنٹریکٹ کی بی کیٹیگری میں تنزلی پر مجبور۔


Sports Desk October 26, 2012
ایک کروڑ معاوضہ پانے والے اے کیٹیگری پلیئرز میں ٹنڈولکر، کپتان دھونی، ظہیرِ، سہواگ، گمبھیر، رائنا، یوراج، ویرت کوہلی اور ایشون شامل ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

بھارتی کرکٹ بورڈ نے اکتوبر 2012 سے ستمبر2013 کیلیے پلیئرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا۔

ریکارڈ ساز سچن ٹنڈولکر ناقص فارم کے باوجود بدستور ایک کروڑ سالانہ معاوضہ پائیں گے، البتہ آف اسپنر ہربھجن سنگھ اور فاسٹ بولر ایشانت شرما کو 50،50 لاکھ کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا،دونوں کی اے سے ' بی ' کیٹیگری میں تنزلی کردی گئی، جس کے بعد وہ ایک کروڑ کا نصف حاصل کرپائیں گے، اس کا براہ راست فائدہ نئے اسپنر روی چندرن ایشون کو پہنچا جو ترقی پاکر اے گریڈ پلیئر بن گئے، انھیں بھی ایک کروڑ روپے سالانہ ملیں گے،نوجوان کرکٹرز اجنکیا راہنے اور چتیسور پجارا بھی سی سے بی میں ترقی پانے میں کامیاب ہوگئے، ایک کروڑ معاوضہ پانے والے اے کیٹیگری پلیئرز میں ٹنڈولکر، کپتان دھونی، ظہیرِ، سہواگ، گمبھیر، رائنا، یوراج، ویرت کوہلی اور ایشون شامل ہیں۔

' بی ' کیٹیگری میں شامل ہربھجن ، ایشانت، پراگیان اوجھا، روہت شرما، چتیسور پجارا، اجنکیا راہنے ، عرفان پٹھان اور امیش یادیو کو 50،50 لاکھ روپے ملیں گے، سی کیٹیگری میں شامل پلیئرز کو 25 لاکھ روپے معاوضہ ملے گا،اس میں رویندرا جڈیجا، امیت مشرا، ونے کمار، مناف پٹیل، ابھیمنیو متھن، مرلی وجے، شیکھردھون، وردھیمان ساہا، پارتھیو پٹیل، منوج تیواڑی، ایس بدری ناتھ، پیوش چائولہ، دنیش کارتھک، راہول شرما، ورون آرون، ابھینو مکنڈ، اشوک ڈینڈا، یوسف پٹھان، پراوین کمار اور لکشمی پاتھی بالاجی کو رکھا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں