اسلام آباد سے ڈی پورٹ کئے جانے والے سابق آسٹریلوی کرکٹردوبارہ پاکستان پہنچ گئے

ڈین جونز بغیر ویزے کے پاکستان میں داخل ہو رہے تھے جس کے باعث انھیں ڈی پورٹ کیا گیاتھا، امیگریشن حکام


ویب ڈیسک December 20, 2015
ڈین جونز بغیر ویزے کے پاکستان میں داخل ہو رہے تھے جس کے باعث انھیں ڈی پورٹ کیا گیا، امیگریشن حکام۔ فوٹو: اے ایف پی

سابق آسٹریلوی کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ کےلئے اسلام آباد کی ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کو نامکمل دستاویزات کے باعث ڈی پورٹ کیا گیا جو بعدازاں دبئی سے پھرپاکستان پہنچ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈین جونز پاکستان سپر لیگ کے لئے اپنی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے لوگو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے دبئی سے پاکستان پہنچے تو بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انہیں نامکمل دستاویزات پر سفر کرنے کے باعث روک لیا اورانہیں اگلی ہی فلائٹ سے واپس بھیج دیا تاہم انہوں نے دبئی پہنچ کراپنی دستاویزات مکمل کیں اور نجی ایئرلائن کے ذریعے لاہورکے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئے۔

دوسری جانب اسلام آباد ایئرپورٹ کے امیگریشن حکام کا کہنا تھا کہ ڈین جونز بغیر ویزے کے پاکستان میں داخل ہو رہے تھے جس کے باعث انھیں ڈی پورٹ کیا گیا۔

واضح رہے کہ ڈین جونز پاکستان سپر لیگ کے لئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ہیں اور 21 اور 22 دسمبر کو کھلاڑیوں کی بولی لگنے کے حوالے سے بھی اپنی ٹیم انتظامیہ کے دیگر افراد کے ساتھ مشاورت کے لئے پاکستان آئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔