نجکاری کے خلاف پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال ہیڈ آفس کے دروازے بند

ہڑتال کے باعث پی آئی اے کا آج ہونے والا پہلا بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا۔


ویب ڈیسک December 21, 2015
پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف 2 روز قبل ہی ادارے کے ملازمین نے ملک بھر میں جاری 13 روزہ ہڑتال ختم کی تھی۔ فوٹو: فائل

قومی ایئر لائن کی نجکاری کے خلاف پی آئی اے کے ملازمین کی قلم چھوڑ ہڑتال کے باعث دفتری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں پی آئی اے ملازمین کی جانب سے ادارے کی نجکاری کے خلاف قلم چھوڑ ہڑتال کی جا رہی ہے جس کے باعث پہلے ہی خسارے کا شکار قومی ایئر لائن کے تمام دفتری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔

ملازمین نے ہیڈ آفس کے مرکزی دروازے بند کر دیئے گئے ہیں اور کسی بھی شخص کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ ہڑتال کے باعث نجکاری کا صدارتی آرڈیننس جاری ہونے کے بعد پی آئی اے کا آج ہونے والا پہلا بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف 2 روز قبل ہی ادارے کے ملازمین نے ملک بھر میں جاری 13 روزہ ہڑتال ختم کی تھی جس کے حکومتی کمیٹی اور پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات ہوئے لیکن جب حکومت کی جانب سے مذاکرات کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تو اس میں پی آئی اے کارپوریشن کے بجائے کمپنی لمیٹڈ لکھا گیا جس پر پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے حکام نے شدید احتجاج کیا۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پی آئی اے کے خسارے کو دور کرنے کے لئے اس کے شیئرز فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے خلاف ادارے کے ملازمین کی جانب سے سخت احتجاج کیا جا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں