طالبان کا حمایتی ہوں نہ ہی جنگ کسی مسئلے کا حل ہے عمران خان

نواز یا زرداری میں سے کسی ایک کے انتخاب کا موقع ملا تو میں تیسرے شخص کو ڈھونڈوں گا،ٹورنٹو میں گفتگو


عید پر غریبوں کو نظرانداز نہ کیا جائے، ملک بچانے کے لیے سب کو اپنے مفادات کی قربانی دینا ہو گی،عید پیغام۔ فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عیدالاضحی ہمیں قربانی کا درس دیتی ہے۔

اپنی خوشیوں میں غریب عوام کو نظرانداز نہ کیا جائے' ملک کو بچانے کے لیے اتحاد ویکجہتی کی ضرورت ہے اور سب کو ملک کے لیے اپنے مفادات کی قربانی دینا ہو گی۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق عمران خان نے نیویارک سے سیکریٹری اطلاعات شفقت محمود کیساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں نواز شریف کی جانب سے1990 میں 92 کروڑ ٹیکس دینے کے دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے1990 میں51 ہزار 318 اور شہباز شریف نے53ہزار 482روپے ٹیکس ادا کیا۔

ایف بی آر کے اعداد وشمار کے مطابق نواز شریف نے1990میں اپنی آمدنی2لاکھ 49ہزار537روپے جبکہ شہباز شریف نے اپنی آمدنی2لاکھ71ہزار638روپے بتائی، شریف برادران نے جس سال یونس حبیب سے پیسے لیے، اس سال انھوں نے ایک لاکھ4ہزار آٹھ روپے ٹیکس ادا کیا، نواز شریف کا بیان مبہم ہے وہ سیلز ٹیکس، سینٹرل ایکسائز ڈیوٹی اور کمپنی کے دیگر ٹیکسز کو ملا کر رقم بتا رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق کینیڈا کے دارالحکومت ٹورنٹوکے ایئرپورٹ پرخصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ مجھے نوازشریف یا آصف زرداری میں سے کسی ایک کے انتخاب کا موقع ملا تو میں کسی تیسرے شخص کو ڈھونڈوں گا، مجھ پر طالبان کے حمایتی ہونے کا الزام لگانے والوں کوکسی چیزکا بھی نہیں پتہ، مغرب میں موجود دیسی گورے بھی میرے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، ہمارا موقف صرف اتنا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور وزیرستان امن مارچ کو بیحد سراہا گیا ہے۔ این این آئی کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ آپس میں نورا کشتی کرنیوالے تحریک انصاف کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں