کین ولیمسن قابل بھروسہ ’رن مشین‘ میں تبدیل

رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پانے والے پہلے کیوی بیٹسمین کا اعزاز بھی حصے میں آگیا


AFP December 22, 2015
کیلنڈر ایئر میں زیادہ رنزکا ملکی ریکارڈ توڑدیا، زیادہ سنچریوں میں ٹیلرکے ہمسر بن گئے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

نیوزی لینڈ کو کین ولیمسن کی صورت میں قابل بھروسہ 'رن مشین' مل گئی، کرکٹ میدان نوجوان کھلاڑی کے بیٹ کی گھن گرج سے گونجتے رہے۔

رینکنگ میں نمبر ون بیٹنگ پوزیشن حاصل کرلی، ایک سال میں سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز اسکور کرنے کا نیشنل ریکارڈ توڑ ڈالا، اس فارمیٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے کے معاملے میں روس ٹیلر کے ہمسر ہوگئے، ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز کا کمار سنگاکارا کا ریکارڈ بھی ان کے نشانے پر آچکا، قیادت کے لیے برینڈن میک کولم کا جانشین بھی قرار دیا جانے لگا۔ تفصیلات کے مطابق کین ولیمسن نے سری لنکا کے خلاف ہیملٹن ٹیسٹ میں شاندار سنچری کی بدولت اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، ان کی صورت میں نیوزی لینڈ کو قابل بھروسہ رن مشین اور مستقبل کا کپتان میسر آگیا ہے، انھوں نے گذشتہ روز اپنے کیریئر کی 13 ویں اور رواں برس کی پانچویں ٹیسٹ سنچری اسکور کی، جس میں سے دو وہ آسٹریلیا اور ایک انگلینڈ میں جڑ چکے ہیں۔

پانچ روزہ فارمیٹ میں ان کی سنچریاں روس ٹیلر کے برابر ہوچکیں جبکہ مارٹن کرو کا سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریوں کا نیوزی لینڈ کا ریکارڈ توڑنے کے لیے انھیں مزید 5 تھری فیگر اننگز سجانا ہوں گی۔ انھوں نے ایک سال میں سب سے زیادہ ٹیسٹ اسکور کے معاملے میں اپنے کپتان برینڈن میک کولم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، پیر کی سنچری اننگز سے رواں سال ان کے ٹیسٹ رنز 1172 ہوچکے جبکہ گذشتہ کیوی ریکارڈ 1164 رنز کا تھا۔ 2015 میں کین ولیمسن نے 90.15 کی اوسط سے ٹیسٹ رنز اسکور کیے جبکہ ان کے بعد اس سال دوسری بہترین اوسط 76.83 آسٹریلیا کے ایڈم ووگس کی رہی۔ اس سال کین ولیمسن نے اب تک تمام تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 2633 رنز بنالیے ہیں، اس طرح وہ آل ٹائم لسٹ میں پانچویں نمبر پر آگئے جبکہ ابھی اس سال تین ون ڈے میچز باقی ہیں، ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ 2868 انٹرنیشنل رنز اسکورکرنے کا عالمی ریکارڈ سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کے پاس ہے، کین ولیمسن کو میک کولم کی ریٹائرمنٹ پر قیادت کے لیے مضبوط امیدوار بھی قرار دیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں