نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈم میکیولم کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

میکیولم اپنے کیرئیرکا 100واں ٹیسٹ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں کھیلیں گے۔

میکیولم اپنے کیرئیرکا 100واں ٹیسٹ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں کھیلیں گے۔ فوٹو:فائل

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان برینڈم میکیولم نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

نیوزی لینڈ کپتان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان ایسے موقع پر کیا ہے کہ جب تمام ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی تیاریاں کر رہی ہیں اور ان کی جانب سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان سامنے آنے کے بعد کرکٹ حلقوں میں مختلف چہ مگوئیاں بھی شروع ہوگئیں۔ اس حوالے سے میکیولم کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ سال فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے بعد باقاعدہ ریٹائرڈ ہوجائیں گے اور مارچ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کریں گے جن کی عدم موجودگی میں کین ولیمسن ٹیم کی قیادت کریں گے۔


برینڈم میکولم اپنے کیرئیر کا 100واں اور آخری ٹیسٹ آئندہ سال فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ویلنگٹن میں کھیلیں گےجس کے بعد وہ پہلے بلے باز ہوں گے جو ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کے بعد سے مسلسل میچز میں ٹیم کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔

واضح رہے کہ برینڈم میکیولم نے ٹیسٹ کیرئیر میں 99 میچز کھیلیں جس میں انہوں نے 11 سنچریوں اور 31 نصف سنچریوں کی بدولت 6 ہزار 273 رنز بنائے جب کہ ون ڈے کرکٹ میں میکیولم نے 254 میچز میں ٹیم کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 5 ہزار 909 رنز بنائے جس میں 5سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں میکیولم نے 71 میچز میں ٹیم کی نمائندگی کی جس میں 35.66 کی اوسط سے 2 ہزار 140 رنز بنائے جب کہ محدود اوورز کے فارمیٹ میں انہوں نے 2 سنچریاں اور 13 نصف سنچریاں بنائیں۔
Load Next Story