کراچی میں مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات 4افراد ہلاک

زمان ٹائون میں الطاف بیگ ،ا ورنگی میں رسول خان کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، بھنگوریہ گوٹھ میں چوکیدار کو قتل کردیا

اورنگی ٹاؤن کے علاقے خیر آباد کی جھاڑیوں سے 45 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، زخمیوں میں متحدہ کا کارکن شامل ہے فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دیگر واقعات میں4 افراد جاں بحق جبکہ متحدہ کے کارکن سمیت3 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے 11 قریشی مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے36 سالہ رسول خان ولد حاجی جمال ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی ، ایس ایچ او صابر خان کے مطابق مقتول موٹرسائیکل پر سوار اور اسے جسم پر 5 گولیاں لگی تھیں ، پولیس کے مطابق مقتول سیکٹر ساڑھے 11طوری بنگش کالونی کا رہائشی اور الیکٹرانک مصنوعات کا سامان قسطوں پر فروخت کرتا تھا اور جس وقت اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا وہ قسطوں پر دیے گئے سامان کی قسط وصولی کے لیے جا رہا تھا ۔

انھوں مقتول کا کسی سیاسی یا مذہبی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا تاہم ابتدائی طور پر واقعہ لین دین کا تنازعہ معلوم ہوتا ہے ، مقتول7 بچوں کا باپ اور اس کا آبائی تعلق افغانستان سے تھا ، پولیس نے مقتول کے بہنوئی نور شاہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ، زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی سیکٹر51-C میں رہائش پذیر 38 سالہ الطاف بیگ ولد انوار بیگ کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اپنے قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی ۔


ایس ایچ او اقتدار عالم نے بتایا کہ مقتول لیڈیز ٹیلر تھا اورگھر سے نکل کرکسی کام سے جا رہا تھا کہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر مقتول کی کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستگی سامنے نہیں آسکی ، پولیس واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاکے حوالے کردی ، عزیز آباد بلاک 2 بھنگوریہ گوٹھ میں واقع پلاسٹک فیکٹری سے چوکیدار 62 سالہ محمد حنیف کی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اپنے قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی ۔

پولیس کے مطابق واردات جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ہوئی تھی جس کا پتہ جمعے کی صبح اس وقت ہوا جب فیکٹری کے ملازمین کام پر آئے تو فیکٹری کے باہر تالا لگا ہوا تھا جس سے انھوں نے اندر جھانک کر دیکھا تو چوکیدار کی خون میں لت پت لاش پڑی ہوئی تھی ، پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے حنیف کو سر پر ہتھوڑے کے پے در پے وار کر کے قتل کیا تھا ، مقتول اورنگی ٹائون نمبر5 کا رہائشی اور دو ماہ قبل ہی فیکٹری میں چوکیداری پر لگا تھا ، پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔

اورنگی ٹاؤن کے علاقے خیر آباد کی جھاڑیوں سے45 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اپنے قبضے میں لے کر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال پہنچائی پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی نشے کا عادی تھا اور زائد مقدار پینے کی وجہ سے ہلاک ہوا ہے ، کھارادر کے علاقے جوڑیا بازار میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 22 سالہ وقاص زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا پولیس کا کہنا ہے کہ وقاص متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن ہے جس پر اس سے قبل رمضان المبارک میں بھی قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے ، پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان فائرنگ کے بعد لیاری کی جانب فرار ہوئے ہیں ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ، ناظم آباد کے علاقے 2 نمبر بنگش ہوٹل کے قریب روٹD-11 کی منی بس میں فائرنگ سے30 سالہ ساجد زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لایا گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت ہے ۔
Load Next Story