سپریم کورٹ نے سندھ کے 11 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کی اجازت دیدی

سندھ کے 11 اضلاع کی 80 یونین کونسلز میں 30 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے، الیکشن کمیشن


ویب ڈیسک December 23, 2015
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی اپیل غیر موثر ہونے پر کیس نمٹا دیا۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے سندھ کے 11 اضلاع کے 80 حلقوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی اجازت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے سندھ میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر متنازع یونین کونسلز میں نئی حلقہ بندیاں کر دی ہیں اور سندھ کے 11 اضلاع کی 80 یونین کونسلز میں 30 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی اپیل غیر موثر ہونے پر کیس نمٹا دیا۔

واضح رہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات سے قبل حلقہ بندیوں سے متعلق متفرق درخواستیں دائر کی گئی تھیں جس پر سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ایک روز میں نئی حلقہ بندیاں کرا کے الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ایک روز میں حلقہ بندیاں ممکن نہیں اس لئے ان اضلاع میں الیکشن ملتوی کرا دیئے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔