فاٹا کے لوگ خود فیصلہ کریں کہ انھیں پختونخوا میں رہنا ہے یا نیا صوبہ چاہیئے عمران خان

خواہش ہے فاٹا خیبر پختونخوا کا حصہ بنے لیکن فاٹا کی عوام پر اپنا فیصلہ مسلط نہیں کرنا چاہتے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک December 23, 2015
ملک میں سب سے زیادہ جمہوریت فاٹا میں ہے، عمران خان. فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ فاٹا کے لوگ اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں گے کہ انھیں خیبرپختونخوا میں رہنا ہے یا پھر وہاں کے عوام علیحدہ صوبہ چاہتے ہیں۔

پشاور میں گرینڈ قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں قبائلی عوام نے دی ہیں لیکن اس کے باوجود وہاں کی عوام سے بہت دیر تک ایسا سلوک کیا گیا جیسے یہ ملک کا حصہ ہی نہیں، وقت اگیا ہے کہ فاٹا کے عوام کو ان کاحق دیا جائے اور انھیں قومی دھارے میں شامل کیا جائے، ملک میں سب سے زیادہ جمہوریت فاٹا میں ہے اورعوام انگریزوں کا دور کا بنایا ہوا پولیٹکل ایجنٹ والے نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواہش ہے فاٹٓا خیبر پختونخوا کا حصہ بنے لیکن فاٹا کی عوام پر اپنا فیصلہ مسلط نہیں کرنا چاہتے، فاٹا کی قسمت کا فیصلہ وہاں کے عوام نے کرنا ہے کہ آیا وہ خیبر پختونخوا کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا پھر علیحدہ صوبہ چاہتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ فاٹا کی عوام کے مسائل کے حل کے لئے تحریک انصاف کی ایک کمیٹی بنائی جائے گی جو قبائلی عمائدین سے مذاکرات کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ فاٹا میں جو بھی تبدیلی آئے قبائلی عوام کی مرضی سے اور مرحلہ وار آئے، فاٹا کے لوگوں کو اختیارات ملنے چاہیئیں اور قبائلی علاقوں کی تعمیر نو کے لئے اسپیشل پیکچ ہونا چاہیئے، فاٹا میں منتخب نمائندوں کے ذریعے پیسہ خرچ کیا جانا چاہیئے، آئی ڈی پیز کی باعزت واپسی اور بحالی وفاقی اور صوبوں سب کی ذمہ داری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں