بھارت میں تاخیر سے پہنچنے پر پائلٹ کا ریاستی گورنر کو طیارے میں سوار کرنے سے انکار

کیرالا کے گورنر ایئرپورٹ اس وقت پہنچے تھے جب طیارہ رن وے کی طرف لے جایا جا رہا تھا


ویب ڈیسک December 24, 2015
بھارت میں بھی اہم سیاسی شخصیات کو خصوصی پروٹوکول ملتا ہے فوٹو: فائل 

ایک جانب وطن عزیز میں سیاست دانوں اور اہم شخصیات کے پروٹوکول کا یہ عالم ہے کہ اسپتال کے دروازے پر باپ کی گود میں اس کی بچی سسک سسک پر مر جاتی ہے اور سیاستدان کہتے ہیں کہ ان کے رہنما کی زندگی زیادہ عزیز ہے تو دوسری جانب ہمارے پڑوسی ملک بھارت کی سرکاری ایئر لائن ایئر انڈیا کے ایک پائلٹ نے ریاست کیرالہ کے گورنر پی سداشیوم کو طیارے میں سوار کرنے سے انکار کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس اور ریاست کیرالا کے موجودہ گورنر سداشیوم کو کوچی سے ریاستی دارالحکومت ترواننت پورم جانا تھا لیکن مبینہ طور پر وہ ایئر پورٹ کافی تاخیر سے پہنچے تھے۔اس وقت مسافروں کو سوار کرنے کے لیے طیارے میں لگائی جانے والی سیڑھی ہٹا لی گئی تھی اور جہاز کو واپس رن وے کی طرف لے جایا جا رہا تھا۔

طیارے کے پائلٹ کو ہدایات دی گئیں کہ وہ گورنر کو سوار کرنے کے بعد ٹیک آف کرے لیکن پائلٹ نے ان کی بات نہیں تسلیم کی اور گورنر دوسرے دن صبح اگلی دستیاب پرواز سے ترواننت پورم پہنچے۔

دوسری جانب گورنر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گيا کہ مبینہ طور پر گورنر کی توہین کرنے پر ایئر انڈیا کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے جب کہ ریاست کے وزیراعلی اون چانڈی نے اس مسئلے کو متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی بھارت میں بھی اہم سیاسی شخصیات کو خصوصی پروٹوکول ملتا ہے جس کا وہ غلط استعمال کرتے ہیں اور ان کی خاطر پروازوں اور ٹرینوں کی روانگی میں گھنٹوں کی تاخیر کردی جاتی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں