اظہر علی اور محمد حفیظ کا عامر کے ساتھ ٹریننگ کرنے سے انکار

دونوں کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑی کے ساتھ نہیں کھیل سکتے۔

دونوں کھلاڑیوں نے اس حوالے سے ہیڈ کوچ وقار یونس کو بھی تحریری طور پر اپنے موقف سے آگاہ کردیا ہے۔ فوٹو: فائل

اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزایافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی سے بحران پیدا ہوگیا ہے اور قومی ٹیم کے سینیئر کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اور سینیئر کھلاڑی محمد حفیظ نے لاہور میں ہونے والے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں ابھی تک شرکت نہیں کی ہے اور دونوں کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑی کے ساتھ نہیں کھیل سکتے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کو بھی تحریری طور پر اپنے موقف سے آگاہ کردیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے محمد حفیظ اور اظہر علی کی جانب سے تربیتی کیمپ کے بائیکاٹ کے حوالے سے تاحال کوئی موقف پیش نہیں کیا گیا۔


واضح رہے کہ لاہورمیں دورہ نیوزی لینڈ کے لئے پاکستانی کرکٹرز کا فٹنس اینڈ ٹریننگ کیمپ جاری ہے جس میں 5 سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد فاسٹ بولر محمد عامر بھی پہلی بار قومی کرکٹرز کے ہمراہ ٹریننگ کررہے ہیں۔

 


Load Next Story