ماہ رمضان سستے آٹے پھل و سبزیوں کے اسٹال لگانے کا اعلان

گراں فروشی پر قابو پانے کیلیے پرائس کنٹرول سیل قائم

گراں فروشی پر قابو پانے کیلیے پرائس کنٹرول سیل قائم : فوٹو ایکسپریس

حکومت سندھ نے ماہ رمضان کے دوران عوام کو فوری ریلیف کیلیے آٹے اور سبزیوں کیلیے بچت بازار میں خصوصی اسٹال لگانے کی ہدایت کی ہے جبکہ گراں فروشی پر قابو پانے کیلیے پرائس کنٹرول سیل قائم کردیا گیا ہے جو 24 گھنٹے کام کریگا اور گراں فروشوں کیخلاف فوری کارروائی کی جائیگی، اس بات کا اعلان حکومت سندھ سے کی جانب جاری کیے گئے سرکاری اعلامیے میں کیا گیا ہے،


وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران ہفتہ وار بچت بازار میں سستی اشیا فراہم کرنے کیلیے سیکریٹری سپلائی اینڈ پرائس نے ڈائریکٹر بورڈ آف سپلائی اینڈ پرائس(بی ایس پی) کو ہفتہ وار بچت بازار کے آرگنائزرز کے ساتھ اپنے دفتر میں میٹنگ کرنے کی ہدایات جاری کیں جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے انھوں نے بچت بازاروں کی بہتر منصوبہ بندی کے لیے اجلاس منعقد کیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پھلوں اور سبزیوں کے اسٹالوں کو اضافی جگہ دی جائے گی جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر سستے آٹے کے اسٹال کو بھی بازار میں نمایاں جگہ پر لگایا جائے گا،

انھوں نے اس موقع پر سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بازاروں میں شکایتی مراکز بنائے جائیں گے جبکہ اسٹالوں پر نمایاں جگہوں پر نرخ نامے آویزاں کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں تاکہ عوام کو خرید و فروخت میں آسانی ہو سکے، تمام آرگنائزر کو ہدایت کی گئی کہ وہ منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن سے اپنے اسٹال لگانے کے سلسلے میں رابطہ کریں تاکہ عوام کو رمضان المبارک کے دوران ضروری اشیا سستے داموں حاصل ہو سکیں، دریں اثنا ایک اور اعلامیے کے مطابق سندھ حکومت نے ماہ رمضان کیلیے ایڈیشنل سیکریٹری (کوآرڈینیشن) کی سربراہی میں پرائس کنٹرول سیل قائم کردیا ہے جو 24 گھنٹے کام کریگا، حکومت سندھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گرانی کی صورت میں وہ مفت ٹیلی فون لائن 919 پر شکایات درج کرائیں جبکہ شکایات فون نمبرز021-99202051-4 021-99207329,021-99202065 پر بھی درج کرائی جا سکتی ہیں جبکہ فیکس نمبر 021-99202029, 021-99202007 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
Load Next Story