بالی ووڈ کی متعدد حسیناؤں کا بیاہ نے کچھ نہ بگاڑا

بالی وڈ کی ہیروئنز جو شادی کے بعد بھی کام یاب ہیں


نرگس ارشد رضا December 27, 2015
بالی وڈ کی ہیروئنز جو شادی کے بعد بھی کام یاب ہیں :فوٹو :فائل

کہتے ہیں کہ وقت بڑی جلدی بدل جا تا ہے خاص طور پر عورت کے لیے جب وہ شادی کرکے گھر بسالیتی ہے۔ تب اس کی ترجیحات اور خواہشات کا مر کز اس کا شوہر اور گھر ہی ہوتا ہے۔

یقیناً وہ عورت ہر لحاظ سے کام یاب سمجھی جاتی ہے جو اپنے شوہر اور بچوں کو خوش رکھتی ہے اور ان کے لیے مطابق اپنی زندگی گزارتی ہے۔ یہ تو ایک عام عورت کا ذکر ہے، لیکن اگر فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی کسی ٹاپ کلاس اداکارہ کا ذکر ہو تو بات تھوڑی مختلف ہوجاتی ہے۔ ان میں سے کچھ تو بڑے چاؤ سے شادی کرتی ہیں، لیکن چند دنوں بعد ہی میاں بیوی میں اختلافات پیدا ہونے لگتے ہیں، جو بڑھتے بڑھتے علیحدگی تک جا پہنچتے ہیں۔

اس کی بڑی وجہ ان کا کیریر ہوتا ہے، جسے وہ ہر حال میں ترجیح دیتی ہیں۔ اس لیے وہ اپنی ازدواجی زندگی میں ناکام ہتی ہیں، لیکن کچھ ہیروئنز ایسی ہیں جو انتہائی سمجھ داری سے کام لیتے ہوئے اپنے گھر اور کیریر میں توازن قائم رکھتی ہیں اور اس کو بڑی خوب صورتی سے ہینڈل کرتی ہیں۔ بولی وڈ کی کچھ ایسی ہی ہیروئنز کا ذکر، جنہوں نے اپنے عروج کے دور میں شادی کی لیکن وہ پھر بھی اپنے گھر اور سلور اسکرین دونوں پر راج کر رہی ہیں۔

٭ایشوریا رائے بچن: پوری دنیا میں اپنی خوب صورتی کے ذریعے شہرت پانے والی اداکارہ کی مقبولیت میں کبھی کمی نہیں آئی۔ وہ جب جب اسکرین پر جس کردار میں بھی آئیں دیکھنے والوں پر اپنا گہرا تاثر قائم کرگئیں۔ انہیں انڈسٹری کی سب سے زیادہ حسین اور ذہین ترین ایکٹرس کا مقام بھی حاصل ہے۔ شادی سے پہلے بھی وہ کم ہی کام کرتی تھیں جب کہ شادی کے بعد انہوں نے ریتھک روشن کے ساتھ جودھااکبر میں کام کیا۔

اس فلم میں جودھا کے رول سے انہوں بھرپور انصاف کیا۔ بیٹی کی پیدائش کے بعد ایشوریا نے پانچ سال کا بریک لیا۔ ان کا بہ حیثیت اداکارہ سحر ابھی بھی فلم بینوں پر قائم ہے اور اس کی مثال حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم جذبہ ہے، جس میں انہوں نے ایک وکیل کا شان دار رول پلے کیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کی دو زیرتکمیل فلموں میں اے دل ہے مشکل اور سربجیت سنگھ ہیں۔

٭کرینہ کپور خان: شادی کے بعد کرینہ کپور میں کوئی تبدیلی نہیں آئی وہ اب بھی موسٹ پاور فل ہیروئن ہیں، جو اپنی مرضی سے اپنے لیے رول کا انتخاب کرتی ہیں۔ مہیش ملہوترہ اور انامیکا کھنہ جیسے ڈیزائنرز کی فرسٹ چوائس کرینہ کپورہی ہیں۔

کرینہ نے ثابت کیا کہ شادی کسی اداکارہ کے کیریر کو ختم نہیں کرسکتی۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم برادر میں انہوں نے ایک آئٹم سونگ کیا، جس سے یہ بات ثابت ہو گئی کہ کرینہ ایور گرین ایکٹرس ہیں، ان کے چاہنے والوں کی تعداد میں کوئی کمی نہیں آئی اور وہ اپنی خوب صورتی اور چارمنگ پرسنالٹی کے ذریعے اب بھی سلور اسکرین پر چھا جانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ فلم بجرنگی بھائی جان میں ان کی پرفارمینس کو پسند کیا گیا تھا۔ شادی کے بعد یہ ان کی ہٹ فلم تھی۔

٭رانی مکھرجی: رانی کا شمار ان اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے جن کا مطمع نظر معیاری اور بامقصد کردار کرنا ہوتا ہے اور ان کا انتخاب اس قسم کے کردار ہوتے ہیں جن میں پرفارمینس کے مواقع زیادہ ہوں۔

بال، نو ون کلڈ جیسیکا، لاگا چنری میں داغ ان کی بہترین فلمیں ہیں۔ ادیتہ چوپڑہ سے شادی کے بعد ان کی ایک فلم مردانی ریلیز ہوئی۔ یہ فلم یش راج بینر تلے بنائی گئی تھی۔ اس فلم میں رانی کی پرفارمینس نے یہ بات ثابت کردی کہ مشکل کرداروں کے لیے فلم سازو ں کا پہلا انتخاب رانی مکر جھی ہی ہوتی ہیں۔

٭ودیا بالن: بہت کم عرصے میں ایسی اداکارہ کا اعزاز پانا کہ جس نے ہمیشہ مشکل کرداروں میں جان ڈال دی ہو ودیا کا ہی کمال ہے۔ اپنی پہلی فلم پرینیتا ہی سے اس نے خود کو ایک ایسی ایکٹریس ثابت کیا کہ جو پوری فلم اپنے کندھے پر لے کر چل سکتی ہے۔ حالاںکہ کچھ فلموں میں ان کی بولڈ پرفارمینس پر تنقید بھی ہوئی، لیکن انہوں بتادیا کہ ایک اچھی اداکارہ ہر قسم کا کردار کام یابی سے کرسکتی ہے۔ وہ کبھی بھی ہیروئنوں کے درمیان ہونے والی نمبر گیم کی رساکشی کا حصہ نہیں بنی ہیں۔

اس لیے وہ اس قسم کے تنازعات سے بھی دور ہیں۔ شادی کے بعد ان کے کام میں اور نکھار آیا۔ ان کی شادی کے بعد ریلیز ہونے والی فلموں میں شادی کے سائڈ ایفکٹس، بوبی جاسوس اور ہماری ادھوری کہانی شامل ہیں۔ یقیناً وہ اپنی اداکاری کے باعث کئی سال تک سلور اسکریں پر راج کرسکتی ہیں۔

٭کاجول: یہ ایک ایسی اداکارہ ہیں جن سادگی اورسدابہار شخصیت کی بدولت ان کا چارم کبھی نہیں ختم ہوسکتا۔ کاجول کے پرستاروں کی تعداد اتنی ہی ہے، جتنی کہ کسی بھی نمبرون اداکارہ کی ہوسکتی ہے۔ یش راج فلمز اور دھرما پروڈکشنز کے تحت بنائے جانے والی ان کے تمام فلموں نے بہترین بزنس کیا اوروہ تمام ہٹ بھی ہوئیں۔ اس لیے انڈسٹری کے ان دو بڑے اداروں کی کسی بھی فلم کے لیے پہلی چوائس کاجول ہی ہوتی ہیں۔ انہوں نے اجے دیوگن سے اس وقت شادی کی جب ان کا کیریر عروج پر تھا۔ شادی کے بعد بھی ان کی مقبولیت میں کوئی فرق نہیں آیا اور انہوں نے کبھی خوشی کبھی غم، مائی نیم از خان اور فنا جیسی سپرہٹ فلمیں دیں۔ شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی فلمی جوڑی کو بہت پسند کیا جاتا ہے اور ان دونوں کی فلم دل والے نے بھی خوب کامیابی سمیٹی۔

٭چترانگدا سنگھ: سانولی سلونی ماڈل و اداکارہ چترا اپنی فلموں کے انتخاب کے معاملے ہمیشہ محتاط رہتی ہیں۔ اس لیے ان کا کام کم کم نظر آتا ہے۔ اپنی بولڈنیس اور بے باک انداز کی بدولت وہ فلم بینوں کی پہلی چوائس ہیں شادی اور پھر بچے کی پیدائش نے ان کی بریک تھرو پرفارمنس کو ختم نہیں کیا، بل کہ ان کی ویلیو میں مزید اضافہ ہی ہوا ہے۔ اب جب کہ ان کی اپنے شوہر سے علیحدگی ہوچکی ہے، اس کے باوجود ان کی مانگ میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔ آئٹم سانگز کے لیے ہر فلم میکر کا پہلا انتخاب چترا ہی ہوتی ہیں ۔

٭سری دیوی: اسی اور نوے کی دہائی میں فلم انڈسٹری کی نمبر ون کہلائی جانے والی چلبلی اداکارہ سری دیوی کے چاہنے والوں میں کبھی کوئی کمی نہیں آئی۔ بونی کپور سے شادی اور بچوں کی پیدائش کے بعد وہ ایک مطمئن اور خوش گوار زندگی کی گزار رہی ہیں۔ اس دوران وہ فلم انڈسٹری سے بڑے لمبے عرصے تک دور رہیں۔

تاہم کسی نہ کسی حوالے سے وہ خبروں کا حصہ ضرور بنتی رہیں۔ سری دیوی کو خبروں میں رہنے کا ہنر آتا ہے۔ لوگ ان کے بارے میں جاننے میں دل چسپی رکھتے ہیں۔ اب جب ان کے بچے بڑے ہوگئے ہیں تب انہوں نے دوبارہ فلم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ دوبارہ ان کی واپس فلم انگلش ونگلش کے ذریعے ہوئی، جس کا انہیں شان دار ریسپانس ملا۔ ان کے مداحوں نے ان کی واپسی کو گرم جوشی سے سراہا۔ ان کی اگلی آنے والی فلم بونی کپور کی مسٹرانڈیا ٹو ہے، جس کا سب ہی کو بے چینی سے انتظار ہے۔ دوسری ہیروئنز کی بہ نسبت اب وہ اپنی عمر کے اعتبار سے رول کا انتخاب کرتی ہیں۔

٭مادھوری ڈکشٹ: ہزاروں دلوں کی دھڑکن دل کش مسکراہٹ والی مادھوری شاید انڈسٹری کی واحد اداکارہ ہیں، جنہیں ہر نسل کے لوگ پسند کرتے ہیں۔ وہ بچوں سے لے کر بوڑھوں تک کی پسندیدہ اداکارہ ہیں۔ جب اس ڈانسنگ کوئین نے طویل عرصے کے بعد فلم آجا نچ لے کے ذریعے فلموں میں واپسی کا اعلان کیا، تب سب ہی نے ان کے اس فیصلے کو سراہا تھا۔

مادھوری کو انڈسٹری میں ہاتھوں ہاتھ لیا گیا اور ان کی فلم کا بے چینی سے انتظار کیا جانے لگا۔ اس فلم کے بعد انہوں نے ڈانسنگ ٹی وی شو جھلک دکھلاجا میں جج کے فرائض بھی انجام دیے۔ اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ مادھوری جب جب اسکرین پر آتی ہیں خواہ وہ سلور ہو یا ٹی وی اسکرین، اپنا بھرپور تاثر چھوڑ جاتی ہیں۔ یہی چیز ان کی ڈیمانڈ ظاہر کرتی ہے کہ وہ آج بھی کتنی مقبول ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے ان کی دو فلمیں گلاب گینگ اور ڈیڑھ عشقیہ ٹو ریلیز ہوئی تھیں، جن میں ان کی پرفارمینس کو بے حد پسند کیا گیا تھا۔

٭کون کونا سین شرما: کون کونا سین آرٹ فلموں کے لیے بہترین اداکارہ جانی جاتی ہیں۔ اسی لیے ان کے کریڈٹ پر کمرشیل فلموں کی تعداد بہت کم ہے۔ اپنے کردار کے حوالے سے وہ کبھی کمپرومائز نہیں کرتیں۔ اس لیے سنجیدہ فلم سازوں کے لیے کون کونا بہترین انتخاب ثابت ہوتی ہیں۔ شادی اور ایک بچے کی پیدائش کے باوجود ان کی ڈیمانڈ میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔ ان کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلموں میں کانٹا، ایک تھی ڈائن اور Shajarur Kanta شامل ہیں، جن میں ان کے کام کو پسند کیا گیا ہے۔

٭کالکی کوچن: کالکی کا شمار بولی وڈ کی ذہین ترین اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے، جنہوں نے ہمیشہ وومن اورینٹڈ رول کرنے کو ترجیح دی۔ فلم ڈائریکٹر انوراگ کیشیپ سے شادی ان کے کیریر کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنی اور انہوں نے اس کے بعد کئی فلموں میں کام کیا جیسے یہ جوانی ہے دیوانی، That Girl In Yellow Boots, Margarita With A Straw اور ایک تھی ڈائن وغیرہ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں