بھارتی وزیراعظم نریندرمودی مختصر دورے پر پاکستان پہنچ گئے

وزیراعظم نواز شریف نے لاہور ایئرپورٹ پربھارتی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا۔


ویب ڈیسک December 25, 2015
وزیراعظم نواز شریف نے لاہور ایئرپورٹ پربھارتی ہم منصب کوگلے لگا کراستقبال کیا۔ فوٹو: پی ٹی وی

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مختصر ترین دورے پر افغانستان سے پاکستان پہنچ گئے جہاں لاہور ایئرپورٹ پر وزیراعظم نواز شریف نے ان کا استقبال کیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندرمودی اپنے 120 رکنی وفد کے ہمراہ لاہورکے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو وزیراعظم نوازشریف نے ریڈ کارپٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا اور نریندر مودی کوگلے لگا لیا جس کے بعد دونوں رہنما ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر جاتی امراء روانہ ہوگئے۔ نریندرمودی کچھ دیرپاکستان میں قیام کریں گے جس کے دوران وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات بھی کریں گے جس میں باہمی دلچسپی سمیت دو طرفہ امورپرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ نریندرمودی وزیراعظم پاکستان کی 66ویں سالگرہ اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 139ویں سالگرہ پر مبارکباد دیں گے. ذرائع کے مطابق نریندر مودی نواز شریف کو گرم شال کا تحفہ بھی دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کے ہمراہ ان کے وزیردفاع، سیکرٹریز اوربزنس مین موجود ہیں جب کہ پاکستانی وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ آصف، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور دیگر موجود تھے۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے بھارتی وزیراعظم کی آمد کے حوالے سے کئے گئے تمام انتظامات کا خود جائزہ لیا جب کہ اس موقع پر لاہورایئرپورٹ پرفلائٹ آپریشن بھی روک دیا گیا۔

دوسری جانب بھارتی وزیراعظم کے لاہور پہنچنے پر بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس اور عام آدمی پارٹی کی جانب سے شدید رد عمل دیکھنے میں آرہا ہے جب کہ دارالحکومت دہلی میں میں کارکنان کی بڑی تعداد سڑکوں پر جمع ہوئی اور حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے بی جے پی کے جھنڈے نذرآتش کردیئے۔



قبل ازیں نریندر مودی کا مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ افغانستان سے نئی دہلی واپسی پرتھوڑی دیرلاہورایئرپورٹ پرقیام کروں گا جہاں پاکستانی ہم منصب نوازشریف سے ملاقات ہوگی۔



واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ امن اور دوستی کا پیغام لے کر پاکستان آئی ہوں اور وزیراعظم نریندر مودی بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں