ملزمان کوعدالتوںسے سزا نہ ہونا پولیس کی نااہلی ہے ایس ایس پی ساؤتھ

پولیس کو تفتیش کی کمزوری اور نااہلی پرسزا ملنی چاہیے،24گھنٹوںمیں9قتل ہوئے


ایکسپریس July 18, 2012
پولیس کو تفتیش کی کمزوری اور نااہلی پرسزا ملنی چاہیے،24گھنٹوںمیں9قتل ہوئے، فائل فوٹو

سندھ پولیس کے ترجمان اور ایس ایس پی ساؤتھ آصف اعجاز شیخ نے کہا ہے کہ مختلف مقدمات میں پولیس کے ہاتھوںگرفتار ملزمان کو عدالتوں سے سزا نہ ہونا پولیس کی نااہلی ہے اور پولیس کو اس نااہلی پر سزا ملنی چاہیے،یہ بات انھوں نے ایس ایس پی ساؤتھ آفس میں پریس بریفنگ کے دوران کہی،

ایس ایس پی ساؤتھ آصف اعجاز شیخ نے بتایا کہ گذشتہ24گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں قتل کی9وارداتیں ہوئیں جن میں سعید آباد اور قائد آباد میں ٹارگٹ کلنگ کے2واقعات، ایک ذاتی دشمنی، ایک لین دین کے تنازعے پر جبکہ دیگر واقعات نامعلوم وجوہات کی بنا پر پیش آئے انھوں نے بتایا کہ اس دوران مختلف واقعات میں10افراد فائرنگ سے زخمی ہوئے جبکہ پولیو مہم کے دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا، انھوں نے بتایا کہ پولیس نے24گھنٹوں کے دوران56ملزمان کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے25ریوالور اور پستول،77گولیاں اور ایک دستی بم بھی برآمد ہوا جبکہ چھینے جانے والے7موبائل فون برآمد کیے گئے ،

سہراب گوٹھ تھانے کی حدود میں پولیو مہم کے دوران ہونے والے فائرنگ سے یو این او کے ڈاکٹر کے زخمی ہونے کے واقعے کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ الآصف اسکوائر کے قریب دو ملزمان نے یو این او کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں افریقن نیشنل ڈاکٹر ایک گولی لگنے سے زخمی ہوا،انھوں نے بتایا کہ ملزمان نے5سے6گولیاں چلائیں تھیں،

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ مختلف مقدمات میں گرفتار ملزمان کو عدالتوں سے رہا ہوجانا پولیس کی تفتیش کی کمزوری ہے اور گرفتار ملزمان کو سزائیں نہ ہونا پولیس کی ناکامی ہے، پولیس کو اس ناکامی پر سزا ملنی چاہیے،انھوں نے بتایا کہ محکمہ پولیس میں ناقص تفتیش کے ذمے دار متعدد پولیس افسران کو سزائیں دی گئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں