بالی ووڈ  کے دبنگ خان نے زندگی کی 51 بہاریں دیکھ لیں

سلمان خان نے فلمی کیرئیر کا آغاز1988میں فلم ’’بیوی ہو تو ایسی‘‘ سے کیا۔

سلمان خان نے فلمی کیرئیر کا آغاز1988میں فلم ’’بیوی ہو تو ایسی‘‘ سے کیا، فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان نے زندگی کی 51 بہاریں دیکھ لیں اور وہ آج سالگرہ منارہے ہیں۔

سلمان خان بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہراندورمیں 27 دسمبر1965 کو بالی ووڈ کے معروف رائٹر سلیم خان کے گھر آنکھ کھولی اور ان کا نام عبدالرشید سلیم خان رکھا گیا لیکن فلمی دنیا میں وہ سلمان خان کے نام سے مشہور ہوئے جب کہ انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز1988میں فلم ''بیوی ہو تو ایسی'' سے کیا تاہم ان کو پہلی کامیابی 1989 میں ریلیز ہونے والی فلم ''میں نے پیار کیا'' سے ملی۔

سلمان خان نے اپنے فلمی کیرئیر میں کئی عروج زوال دیکھے اورایک وقت وہ بھی آیا جب بالی ووڈ میں ان کی پہچان کم ہونے لگی تاہم اگست 2003 میں ریلیزہونے والی فلم ''تیرے نام ''کی کامیابی سے واپس انڈسٹری میں قدم جمانے والے سلمان خان نے اس کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور ایک کے بعدایک بلاک بسٹر فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتے رہے جس میں ''دبنگ''،''وانٹڈ''،''باڈی گارڈ'' ،''پارٹنر''، ''ایک تھا ٹائیگر''،'' کک ''،''بجرنگی بھائی'' اور ''پریم رتن دھن پایو'' شامل ہیں۔

فلمی کیریئر کے دوران سلمان خان اپنے معاشقوں کی وجہ سے کئی بار خبروں کی بھی زینت بنے رہے یہی نہیں انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں کے ساتھ ان کے معاشقوں کی خبریں زبان زدعام رہیں جس میں سنگیتا بجلانی ،ایشوریارائے بچن، کترینہ کیف شامل ہیں جب کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں غیر ملکی اداکاراؤں کو متعارف کرانے کا سہرابھی سلمان خان کو جاتا ہے۔ ان کی متعارف کرائی گئی ادکاراؤں کا شمار بالی ووڈ کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن میں بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف ،جیکولین فرنینڈس، سنی لیونی سمیت دیگر شامل ہیں۔


فلم ''دبنگ' میں مجرموں کو جیل کی ہوا کھلانے والے سلمان خان کو اپنی حقیقی زندگی میں بھی عدالتوں کے چکر لگانے پڑے اور سزا کا سامنا بھی کرنا پڑا جس میں 2002 کے ''ہٹ اینڈ رن کیس'' میں مقامی عدالت کی جانب سے 5 سال قید کی سزا سنائی گئی جسے بعد میں ممبئی ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دیا لیکن اب اس کیس سمیت کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کا مقدمہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں۔

بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان کی رواں سال ایک ہی فلم ''سلطان'' نمائش کے لیے پیش کی گئی جس نے روایت برقرار رکھتے ہوئے باکس آفس پر کئی ریکارڈ اپنے نام کیے اور 300 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا جب کہ رواں سال سلو میاں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اور مشہور شخصیات کی فہرست میں بھی پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

سلمان خاناب تک فلم نگری کے کنوارے سپر اسٹار ہیں جن کے مداح ان کی شادی کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں جب کہ سلو میاں کی قریبی دوست رومانوی ماڈل گرل لولیا وینتر کے ساتھ شادی کی خبریں زیر گردش ہیں لیکن اب دیکھنا ہے کہ دبنگ خان کب دولہے کا سہرا سر پر سجاتے ہیں جس کا سب کو شدت سے انتظار ہے۔

 
Load Next Story