نیشنل ایکشن پلان پر تنقید کرنے والے خود اس کی تعریف کرچکے ہیں پرویزرشید

نیشنل ایکشن پلان بنانے کا اعزاز ہمیں حاصل ہوا تاہم اگرکسی کوتحفظات ہیں توپارلیمنٹ میں اس کا اظہارکرے،وفاقی وزیراطلاعات


ویب ڈیسک December 27, 2015
نیشنل ایکشن پلان پرویز مشرف یا آصف زرداری کے دورمیں کیوں نہیں بنا،وزیراطلاعات۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کو پرویز مشرف دور میں بننا چاہئے تھا لیکن پیپلز پارٹی نے بھی اپنے دور میں اس پرغور نہیں کیا اس لئے اب جلسوں میں اس پر تنقید کے بجائے پارلیمنٹ میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان بنانے کا اعزاز ہمیں حاصل ہوا جس پر ہمیں فخر بھی ہے تاہم اگر کسی کو اس پر تحفظات ہیں تو جلسوں میں تنقید کے بجائے پارلیمنٹ میں اپنے تحفظات کا اظہارکرے ، نیشنل ایکشن پلان کی نگرانی اوراس پر تنقید کے لئے پارلیمنٹ موجود ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پرویز مشرف یا آصف زرداری کے دورمیں کیوں نہیں بنا، آج پیپلز پارٹی کی جانب سے پلان کو متنازعہ بنایا جارہا ہے پیپلز پارٹی اپنے دور میں طاہرالقادری کے متعلق اپنے بیانات کا جائزہ لے تو اسے نیشنل ایکشن پلان کی سمجھ آجائے گی ۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کی ناصرف عالمی برادری معترف ہے بلکہ خود پپپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ بھی اسے سراہ چکے ہیں اور یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ نیشنل ایکشن پلان سے ہی 80 فیصد کامیابیاں حاصل ہوئیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی دہشت گردی کے خلاف تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ایک صفحے پر لانے میں کامیاب ہوئی اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان شروع کرنے پر ہمیں نہ صرف فخر ہے بلکہ یہ اعزاز بھی ہمیں ہی حاصل ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اسلام آباد میں داعش کے حامی شخص کے بیان پروفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری نے اسلام آباد میں کسی شخص کے داعش کے حامی ہونے کا ذکرکیا ہے بلاول اس شخص کا نام بھی بتائیں اگر کوئی حامی نکلا تو قانون کے مطابق اس سے نمٹا جائے گا ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے بلاول کے بیان کے جواب میں وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ ابھی سانحے کا فیصلہ آنا باقی ہے اوریہ بھی ثابت ہونا ہے کہ بے گناہ لوگوں کے خون سے کس کے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں اگرماڈل ٹاؤن سانحے کا ریکارڈ نکال کردیکھ لیا جاتا تواصل ذمہ داروں کا بھی تعین ہوجاتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں