عراقی فوج نے شدید جھڑپ کے بعد داعش سے رمادی کا قبضہ چھڑا لیا

بہت جلد عراقی شہر موصل کو بھی داعش کے قبضے سے چھڑا لیا جائے گا، عراقی وزیراعظم


ویب ڈیسک December 27, 2015
بہت جلد عراقی شہر موصل کو بھی داعش کے قبضے سے چھڑا لیا جائے گا، عراقی وزیراعظم ۔ فوٹو: فائل

عراقی فوج نے رمادی شہر میں سرکاری کمپاؤنڈ پر قبضہ کرکے داعش کے جنگجوؤں سے سرکاری عمارتیں خالی کروالیں جب کہ عراقی فوج نے فلوجہ شہرمیں 300 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی فوج نے ایک بڑی زمینی کارروائی کرتے ہوئے داعش کے جنگجوؤں سے رمادی شہرکا قبضہ چھڑا لیا جب کہ جنگجوؤں نے اہم ٹھکانے چھوڑ کر فرار کا راستہ اختیار کرلیا۔ عراقی فوج کے ترجمان کے مطابق داعش کے تمام جنگجو علاقہ چھوڑ کر فرار ہوگئے اور اب فوج کو کسی مزاحمت کا سامنا نہیں جب کہ شہر میں جاری آپریشن آئندہ چند گھنٹوں بعد مکمل کرلیا جائے گا۔

دوسری جانب عراقی فوج نے داعش کے زیراثرشہر فلوجہ سے بھی قبضہ چھڑا کر300 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ عراقی ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے مطابق کارروائی کے دوران داعش کا اہم کمانڈرسامی بدوی العساوی بھی رمادی اسپتال کے قریب فضائی حملے میں ہلاک ہوگیا ہے جو فلوجہ کا سیکیورٹی انچارج تھا جب کہ فضائی حملے میں داعش کے متعدد مراکز کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔

عراقی حکومت نے تیل سے مالا شہر موصل کو داعش کے قبضے سے چھڑانے کے لئے بھی بھرپور تیاری کرلی ہے جب کہ حکومت کو داعش کے خلاف آپریشن میں امریکی فوج کی فضائی مدد بھی حاصل ہے۔ عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی کا کہنا ہے کہ موصل شہرکو آزاد کرانے کا فیصلہ کن مرحلہ آچکا ہے اور جلد ہی یہ شہر بھی داعش کے قبضے سے آزاد ہوجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں