ہالی ووڈ کے اُفق پر چمکتے غیرامریکی ستارے

جن کی چمک ہر لحظہ بڑھ رہی ہے


Nadeem Subhan October 29, 2012
ہالی وڈ تک رسائی دنیا کی ہر فلم انڈسٹری سے وابستہ فن کاروں کی خواہش ہوتی ہے لیکن کم ہی فن کاروں کی یہ خواہش پوری ہو پاتی ہے۔ فوٹو : فائل

امریکی فلم انڈسٹری جسے ہالی وڈ کہا جاتا ہے، بین الاقوامی فلم انڈسٹری ہے جس میں مختلف ممالک کے فن کار مصروف عمل نظر آتے ہیں۔

غیر امریکی اداکار ہالی وڈ کا شروع ہی سے اہم حصہ رہے ہیں۔ درحقیقت ہالی وڈ کو پروان چڑھانے میں ان اداکاروں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ایک دور تھا جب امریکی فلم ساز ان غیر ملکی اداکاروں کو ولین یا پھر ثانوی نوعیت کے کرداروں ہی تک محدود رکھتے تھے لیکن کچھ سال سے یہ رجحان تبدیل ہوگیا ہے۔ اب یہ 'بدیسی' اداکار ہالی وڈ کی فلموں میں مرکزی کرداروں میں بھی نظر آرہے ہیں۔ ہالی وڈ تک رسائی دنیا کی ہر فلم انڈسٹری سے وابستہ فن کاروں کی خواہش ہوتی ہے لیکن کم ہی فن کاروں کی یہ خواہش پوری ہو پاتی ہے۔

ذیل کی سطور میں ہم ہالی وڈ میں سرگرم عمل چند ایسے اداکاروں کا تذکرہ کر رہے ہیں جو ہالی وڈ کی فلموں کے دل دادگان میں مقبول ہونے لگے ہیں۔

1۔ Noomi Rapace
تین برس پہلے عالمی سنیما پر اس حسینہ کا نام و نشان تک نہ تھا۔ 2009ء میں سویڈن سے تعلق رکھنے والی اس حسینہ کو The Girl with the Dragon Tattooکے سویڈش ورژن نے راتوں رات شہرت بخش دی۔ 32سالہ اداکارہ نے اس فلم میں ہیروئن، الزبتھ سلانڈر کا رول کیا تھا۔ اس فلم کا شمار تاریخ کی سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی نان انگلش فلموں میں ہوتا ہے۔ The Girl with the Dragon Tattoo میں بہترین پرفارمینس پر نومی نے کئی ایوارڈز بھی حاصل کیے تھے۔ مئی میں مرکزی اداکارہ کی حیثیت سے اس کی فلم Prometheus نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ اس سائنس فکشن فلم کی ریلیز کے بعد تو نومی کی شہرت کو چار چاند لگ گئے ہیں۔ ان دنوں وہ Dead Man Down کی شوٹنگ میں مصروف ہے۔ اس فلم کی ہدایات بھی The Girl with the Dragon Tattooکے سویڈش ورژن کے ڈائریکٹر نیل آرڈن دے رہے ہیں۔

2 ۔ Lee Byung-hun
42 سالہ لِی بین الاقوامی سنیما پر سب سے زیادہ مقبول کورین اداکار ہے۔ حال ہی میں جب اسے ''ہالی وڈ واک آف فیم''میں شامل کیا گیا تو وہ یہ اعزاز پانے والا پہلا کورین اداکار بن گیا۔ لی نے کورین فلموں میں بہترین اداکاری کے ذریعے اپنا کیریئر مستحکم کیا اور پھر اس پر دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری کے دروازے کھل گئے۔ ہالی وڈ میں اب تک لی نے ایکشن رول ہی کیے ہیں۔ اس کی اگلی فلم Red 2 بھی ایکشن سے بھرپور فلم ہوگی۔

3 ۔ Irrfan Khan
عرفان کا شمار بولی وڈ کے باصلاحیت ترین اور غیر روایتی اداکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ بولی وڈ کا غالباً واحد اداکار ہے جو تواتر سے ہالی وڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہا ہے۔ ہالی وڈ میں اس کی پہلی فلم The Warriorتھی۔ اس فلم کے ڈائریکٹر اور اسٹوری رائٹر برطانوی نژاد ہندوستانی آصف کپاڈیا تھے۔ اس کے بعد A Mighty Heart، Darjeeling Limited اور پھر Slumdog Millionaire نے عرفان کو ہالی وڈ کے آڈینس میں مقبول بنادیا۔ حال ہی میں عرفان The Amazing Spider-Man میں ولین کے رول میں نظر آیا۔ اس فلم میں عرفان کی شمولیت ہی کی وجہ سے یہ فلم امریکا سے پہلے ہندوستان میں ریلیز کی گئی تھی۔ معروف امریکی جریدے، ٹائم میگزین نے عرفان خان کو بولی وڈ کا کنگ قرار دیا تھا جواس کی غیرمعمولی اداکارانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

4۔ Tadanobu Asano
اس باصلاحیت اداکار کا تعلق جاپان سے ہے۔ Tadanobu Asano کے ٹیلنٹ اور ظاہری شخصیت کے پیش نظر اسے ''جاپانی جونی ڈیپ'' کہا جانے لگا تھا۔ ہالی وڈ میں اس کی پہلی فلم ڈائریکٹر کیتھ برانا کی Asgard in Thor تھی جس میں کئی ممالک کے اداکار شامل تھے۔ اس کی تازہ ترین فلم Bettleship ہے۔ تاہم ہالی وڈ کی فلموں کے ناظرین میں اس کی پہچانIchi the Killer میں ایک دہشت ناک کردار سے ہوئی تھی جو ہر وقت سگریٹ نوشی میں مصروف رہتا ہے۔ Tadancbi کے کریڈٹ پرکئی سپرہٹ نان انگلش فلمیں ہیں۔

5۔ Fan Bingbing
فین بنگ بنگ مقبول ترین چینی اداکارہ ہے جس کا چرچا ہالی وڈ میں بھی ہورہا ہے۔ وہ سنگر اور پروڈیوسر بھی ہے لیکن بنیادی طور پر اداکاری ہی اس کی پہچان ہے۔ مختلف فلموں میں بہترین اداکاری کی بدولت وہ چین اور جاپان کے کئی اداروں سے ایوارڈز حاصل کرچکی ہے۔ 2010ء میں چین کے معروف اخبار، بیجنگ نیوز کے ایک سروے میں اسے چین کی سب سے خوب صورت خاتون قرار دیا گیا تھا۔ کہا جارہا ہے کہ چینی اداکارہ والٹ ڈزنی کی فلم Iron Man 3 میں سائن کرلیا گیا ہے جو آئندہ برس کے وسط میں ریلیز کی جائے گی۔ اگرچہ فین بنگ بنگ نے ابھی تک ہالی وڈ کی کسی فلم میں اداکاری نہیں کی لیکن چینی، جاپانی اور کوریائی فلموں میں اس کی اداکاری کے چرچے کئی برس سے ہالی وڈ میں بھی سنائی دے رہے ہیں اور فین کے پرستار اسے ہالی وڈ کی فلموں میں دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں