پاکستان کے دورے کے بعد شیو سینا نے بھی نریندر مودی سے آنکھیں پھیر لیں

جن جن سیاستدانوں نے بھی پاکستان کا دورہ کیا اور کا کیرئیر جلد ختم ہو گیا، ہندو انتہا پسند تنظیم

ایل کے ایڈوانی اور اٹل بہاری واجپائی کا سیاسی کیرئیر بھی پاکستان کے دورے کے بعد ختم ہو گیا تھا، شیو سینا۔ فوٹو: فائل

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پاکستان کے حوالے سے جہاں بھارت میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے انھیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تو وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کی سب سے اہم اتحادی جماعت شیو سینا نے بھی مودی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شیو سینا کی جانب سے نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ بات ذہن نشین ہونی چاہیئے کہ جن جن سیاستدانوں نے بھی پاکستان کا دورہ کیا ان کا کیرئیر جلد ختم ہو گیا۔ ایل کے ایڈوانی اور اٹل بہاری واجپائی کا سیاسی کیرئیر بھی ایسے ہی ختم ہوا لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ نریندر مودی، واجپائی کی طرح کا سفر نہیں کریں گے۔


اس سے قبل شیو سینا نے پاکستان کا دورہ کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی سے قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ شیو سینا کے رہنماؤں کی جانب سے کہا گیا کہ الیکشن مہم کے دوران تو نریندر مودی پاکستان کے خلاف سخت الفاظ کرتے تھے لیکن اب پاکستان کے دورے کر رہے ہیں، ان کا دوہرا معیار انتہائی افسوسناک ہے۔

کانگریس کے ترجمان منیش تیواڑی نے بھی مودی کے دورہ پاکستان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی کا دورہ پاکستان ایسے ہی نہیں تھا، لگتا ہے کہ مودی کو 'نوبل امن انعام کے مچھرنے کاٹ لیاہے'۔
Load Next Story