حکومت کا یکم جنوری سےصنعتوں کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے کمی کااعلان

آئندہ 2 سالوں میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کا خاتمہ کر دیں گے، وزیراعظم

2018 تک سسٹم میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی شامل ہو جائے گی، نواز شریف۔ فوٹو :فائل

NEW DELHI:
وزیراعظم نواز شریف نے یکم جنوری 2016 سے ملک بھر کے صنعتی صارفین کے لئے بجلی کی قیمت میں 3 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کردیا۔

کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے تعاون سے ایسکپورٹ ایوراڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جب 2013 میں حکومت سنبھالی تو ملک کو توانائی سمیت 3 اہم چیلنجز درپیش تھے، ہم نے توانائی کے بحران کو حل کرنے کا چیلنج قبول کیا اور آج کا پاکستان 5 سال کے پاکستان سے کافی بہتر ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2018 تک سسٹم میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی شامل ہو جائے گی جب کہ 2025 تک مزید 15 ہزار میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی، آئندہ 2 سالوں میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کا خاتمہ کر دیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی تقریب میں شرکت کے لئے آنے سے قبل ملک بھر کے صنعتی صارفین کے لئے یکم جنوری سے بجلی کی قیمت میں 3 روپے فی یونٹ کمی کا فیصلہ کیا۔ 5 سال قبل کراچی میں حالات بہت خراب تھے، شہر میں تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے آپریشن کا مشکل فیصلہ کیا اور اب اس کے نتائج سامنے آرہے ہیں، آج بیرون ملک سے سرمایہ کار پاکستان آ رہے ہیں اور آئندہ بیرونی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو گا۔


وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں، وقت کے ساتھ معاملات کو ٹھیک کردیں گے، حکومتی اور نجی سطح پر پاور پلانٹس ساتھ لگ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تھر میں بھی کوئلے سے 660 میگا واٹ بجلی کا منصوبہ لگایا ہے جسے اپ گریڈ کر کے 1320 میگا واٹ تک لے جائیں گے، تھر کے پاور پلانٹس کو چلانے کے لئے 7.2 ملین ٹن کوئلہ درکار ہو گا جو تھر کی مائن سے ہی نکالا جائے گا جب کہ تھر کا کوئلہ ملک کے دیگر حصوں میں چلنے والے بجلی کے منصوبوں میں بھی استعمال ہوگا۔

ملک میں ایل این جی پاور پلانٹس بھی لگنا شروع ہو گئے ہیں جن سے پاکستان کی تاریخ کی سستی ترین بجلی حاصل ہو گی۔ کراچی میں کے ٹو اور کے تھری نیوکلیئر منصوبوں پر بھی کام شروع کر دیا ہے، داسو ڈیم سے 4 ہزار جب کہ دیا مربھاشا ڈیم سے 4 ہزار 500 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی، اس کے علاوہ تربیلا فور پراجیکٹ پر بھی کام شروع ہو چکا ہے جس سے نیشنل گرڈ میں مزید 1320 میگاواٹ بجلی داخل ہو گی۔ بجلی منصوبوں میں شفافیت کے معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر باہر پھینکنا چاہتے ہیں اور ہمیں اس میں کامیابی بھی حاصل ہو رہی ہے، آج کا کراچی چند سال پہلے والے کراچی سے بہت بہتر ہے، کراچی میں امن قائم کرنے پر ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور چیف سیکرٹری کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔
Load Next Story