پروٹیز سے پہلا ٹیسٹ بریڈ ہیڈن پر میتھیو ویڈ کو فوقیت

آسٹریلیا کے پانچ رکنی سلیکشن پینل نے 35 سالہ وکٹ کیپر کو واضح پیغام دے دیا۔


AFP October 29, 2012
آسٹریلیا کے پانچ رکنی سلیکشن پینل نے 35 سالہ وکٹ کیپر کو واضح پیغام دے دیا۔ فوٹو : اے ایف پی

آسٹریلیا نے آئندہ ہفتے جنوبی افریقہ کیخلاف شیڈول پہلے ٹیسٹ کیلیے بریڈ ہیڈن پر فوقیت دیتے ہوئے میتھیو ویڈ کو وکٹ کیپر منتخب کرلیا۔

یہ تجربہ کار ہیڈن کے ٹیسٹ کیریئر کا اختتام بھی بن سکتا ہے، 35 سالہ ہیڈن نے حال ہی میں منعقدہ چیمپئنز لیگ ٹی 20 میں سڈنی سکسرز کی قیادت کی تھی، تاہم آسٹریلیا کے پانچ رکنی سلیکشن پینل نے پروٹیز کیخلاف برسبین ٹیسٹ کیلیے ان کے جونیئرمیتھیو ویڈ کو حتمی الیون کا حصہ بنادیا، پیر کو اعلان کردہ آسٹریلیا کے 12رکنی اسکواڈ میں ٹاپ چھ بیٹنگ لائن توقع کے مطابق رہی، ایڈکووان جارح مزاج ڈیوڈ وارنر کے ساتھ اننگز کی شروعات کیلیے منتخب ہوئے ہیں جبکہ ون ڈائون پوزیشن شین واٹسن کے سپرد ہوگی، اس کے بعد رکی پونٹنگ، کپتان مائیکل کلارک اور پھر مائیک ہسی بیٹنگ کیلیے میدان میں آئیں گے۔

فاسٹ بولرز بین ہلفنہاس، پیٹرسڈل، جیمز پیٹنسن اور مچل اسٹارک کے ساتھ واحد اسپنرناتھن لیون رکھے گئے ہیں، کپتان مائیکل کلارک نے اسکواڈ کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حریف کو سامنے رکھتے ہوئے کنڈیشنز کے حساب سے اپنی بہترین ٹیم تشکیل دی ہے، میتھیو ویڈ نے رواں برس اپریل میں ویسٹ انڈیز کیخلاف بارباڈوس میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور سیریز کے تیسرے ڈومنیکا میچ میں سنچری اسکورکی تھی، آسٹریلیا اورجنوبی افریقہ میں 9نومبر کو برسبین میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ شروع ہوگا۔

لیکن اس سے قبل مہمان ٹیم 2 نومبر کو سڈنی میں میزبان ' اے ' سائیڈ سے سہ روزہ ٹور میچ کھیلے گی، دونوں ممالک میں دوسرا ٹیسٹ ایڈیلیڈ اوول میں 22 نومبر سے اور تیسرا اور آخری طویل دورانیے کا مقابلہ پرتھ میں 30 نومبر سے شیڈول کیاگیا ہے، برسبین میچ کے لیے آسٹریلین اسکواڈ میں شامل پلیئرز کے نام یہ ہیں۔ مائیکل کلارک ( کپتان )، ڈیوڈ وارنر، ایڈ کووان، شین واٹسن، رکی پونٹنگ، مائیک ہسی، میتھیو ویڈ، جیمز پیٹنسن، پیٹرسڈل، مچل اسٹارک، ناتھن لیون اور بین ہلفنہاس۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں