پاکستان میں مدارس کو فنڈنگ کرنے والوں میں سعودی عرب اور ایران سرفہرست

ملک بھر میں 300 مدارس کو سب سے زیادہ فنڈنگ سعودی اور ایران کی جانب سے کی جاتی ہے، بی بی سی


December 29, 2015
ملک بھر میں 300 مدارس کو سب سے زیادہ فنڈنگ سعودی اور ایران کی جانب سے کی جاتی ہے، بی بی سی، فوٹو: فائل

KARACHI: برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی عرب اور ایران پاکستان میں دینی مدارس کی سب سے زیادہ مالی معاونت کرتے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو ملنے والی دستاویز کے مطابق ملک بھر میں 300 مدارس کو سب سے زیادہ فنڈنگ سعودی عرب اور ایران کی جانب سے کی جاتی ہے جن میں سعودی عرب 172 اور ایران 84 مدارس کو مالی معاونت فراہم کرتا ہے تاہم دستاویز میں اس بات کی کوئی تفصیل شامل نہیں کہ یہ امداد ان مدارس کو کب دی جاتی رہی ہے۔ دستاویز کے مطابق مدارس کے لیے مالی معاونت سعودی عرب اور ایران کے علاوہ تھائی لینڈ اور ترکی سے بھی کی جاتی ہے جب کہ قطر، کویت، متحدہ عرب امارات، امریکا، برطانیہ، یورپ اور جنوبی افریقا کے دیگر ممالک بھی اس مالی معاونت میں شامل ہیں۔

دستاویز کے مطابق سب سے زیادہ فنڈ لینے والوں میں پنجاب کے مدارس شامل ہیں جن فیصل آباد کے مدارس کو سب سے زیادہ مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے، اس کے علاوہ لاہور اورجھنگ کے مدارس کو بھی بھاری مالی معاونت دی جاتی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم محمد بلیغ الرحمان کا کہنا ہے کہ نئے سرکاری قواعد و ضوابط کے تحت حکومتی اجازت کے بغیر مدارس کسی قسم کی بیرونی امداد نہیں لے سکتے اور اس حوالے سے حکومت کی زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مدرسے کے لیے کسی بھی قسم کے فنڈ کی رقم اسٹیٹ بینک، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے این او سی کے بغیر نہیں آسکے گی جب کہ اس پالیسی پر مکمل طور پر عملدرآمد ہورہا ہے جس سے بغیر اجازت براہ راست فنڈنگ نہیں ہوسکے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں