پاکستان سے ہر میچ کیلیے براڈکاسٹر322 ملین روپے دیگا

اچانک سیریز سے چینل کے وارے نیارے، میچز سے اربوں روپے کی آمدنی متوقع

اچانک سیریز سے چینل کے وارے نیارے، میچز سے اربوں روپے کی آمدنی متوقع۔ فائل فوٹو

پاکستان سے ہر میچ کیلیے براڈکاسٹر بھارتی بورڈ کو 322 ملین روپے دیگا، روایتی حریفوں کے درمیان اچانک سیریز سے بی سی سی آئی براڈکاسٹرکے وارے نیارے ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت پاکستان کی تین ون ڈے اور دو ٹوئنٹی 20 میچز کی میزبانی دسمبر میں کرے گا۔

اگرچہ سیریز ایف ٹی پی سے باہر مگر اسے اسٹار انڈیا ہی نشر کرے گا جس کے پاس بھارتی کرکٹ کے 6 برس کیلیے نشریاتی حقوق ہیں، بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک ٹاپ آفیشل کا کہنا ہے کہ اسٹار انڈیا پاک بھارت میچز کو نشر کرے گا اور ہر میچ کے عوض بھارتی بورڈ کو 322.6 ملین روپے ادا کرے گا، یہ وہی رقم ہے جسے وہ اپنے معاہدے کے تحت ابتدائی دو برسوں کے میچز کیلیے دینے کا پابند ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ پاک بھارت ہائی پروفائل میچز کیلیے بھی نشریاتی ادارہ اتنی ہی رقم ادا کرے گا جووہ نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں سے میچز پر دے گا، اس طرح پاکستان کے ساتھ اچانک سیریز سے اسٹارانڈیا کے وارے نیارے ہوگئے اسے ان چند میچز سے بھی اربوں روپے کی آمدنی متوقع ہے۔


اسٹار انڈیا نے 2018 تک کیلیے نشریاتی حقوق 38.51 بلین روپے میں حاصل کیے تھے جس کے تحت ابتدائی دوبرس کے دوران وہ ہر میچ کے بھارتی بورڈ کو 322.6 ملین روپے جبکہ باقی چار برسوں کے دوران ہر میچ پر 432 ملین روپے ادا کرے گا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ پاکستان کو اس سیریز کی آمدنی میں سے حصہ نہیں دیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کوشش کررہا تھا کہ وہ رواں برس بھارت کے ساتھ اس کے ملک میں اپنی ہوم سیریز کھیلے، اس طرح اس کے نشریاتی پارٹنر 'ٹین اسپورٹس'کو بھی معاہدہ ختم ہونے سے قبل اربوں روپے کمانے کا موقع مل جاتا مگر بھارت اس پر راضی نہیں ہوا، ٹین اسپورٹس نے پاکستان کرکٹ کے نشریاتی حقوق 2009 سے 2013 تک کیلیے 140 ملین ڈالر میں حاصل کیے تھے،اس میں 2009 کے آغاز میں بھارت سے ہوم سیریز بھی شامل تھی جو ممبئی حملوں کی وجہ سے منسوخ کردی گئی،اس کی وجہ سے پاکستان بورڈ کو نشریاتی حقوق کی مد میں 40 ملین ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔
Load Next Story